برازیل میں محدود پیمانے پر انسداد ڈینگی ویکسینیشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے برازیل کی حکومت جاپانی دوا ساز کمپنی ’ٹکیڈا‘ کی تیار کردہ ’کیوڈینگا‘ ویکسین کے استعمال کی اجازت پہلے ہی دے چکی ہے۔
ویکسینیشن مہم کا آغاز برازیل کی ریاست ماتو گروسو ڈو سول کے شہر ڈوراڈوس سے کیا گیا ہے جہاں 4 سے 59 سال کی عمر کے تقریباً 150,000 افراد کو ڈینگی وائرس سے بچاؤ کی یہ ویکسین لگائی جائے گی۔
اس حوالے سے کیے گئے معاہدے کے تحت جاپانی لیبارٹری نے ویکسین کی 90 ہزار خوراکوں کی پہلی کھیپ کی فراہمی کا آغاز آج سے کردیا ہے۔ ویکسینیشن شیڈول کے مطابق ویکسین کی دوسری خوراک کی ضرورت 3 ماہ بعد ہوتی ہے۔
Related Posts
برازیل کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، دسمبر 2023ء کے پہلے ہفتے کے اختتام تک برازیل میں ڈینگی کے 16 لاکھ کیسز درج ہوئےجو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 15.8 فیصد زیادہ ہیں۔ جبکہ اسی عرصہ میں ڈینگی سے ہونے والی اموات کی تعداد 5.4 فیصد اضافے کے ساتھ 1,053 ریکارڈ کی گئیں۔
گزشتہ ماہ، وزارت صحت نے اعلان کیا تھا کہ وہ قومی ویکسینیشن پروگرام میں ٹکیڈا ویکسین کو شامل کرے گی۔ ویکسین کی محدود فراہمی کے پیش نظر ویکسینیشن ملک بھر میں بڑے پیمانے پر نہیں کی جائے گی بلکہ آغاز میں ترجیحی گروہوں اور علاقوں پر توجہ دی جائے گی۔ برازیل نے امید کا اظہار کیا ہے کہ رواں سال فروری اور نومبر کے درمیان ویکسین کی مزید 50 لاکھ خوراکیں موصول ہو جائیں گی۔
واضح رہے کہ 2022ء میں جاپانی دوا ساز کمپنی نے کیوڈینگا ویکسین کے کامیاب نتائج کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اگست 2022ء میں سب سے پہلے انڈونیشیا نے ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔ بعدازاں، یورپین یونین نے بھی اس ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی تھی۔ گزشتہ برس بنگلہ دیش نے بھی ڈینگی وائرس سے بچاؤ کی سنگل ڈوز ویکسین کے استعمال کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔