پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی یہ وعدہ کرتی ہے کہ وہ اقتدار میں آکر عوام کی قوت خرید دگنی کردے گی۔
جاتی عمرہ میں ورکرز کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ کیا آپ بجلی کا بل دے سکتے ہیں اور اگر نہیں تو 300 یونٹ بجلی مفت ہوگی اور گھر گھر بجلی پہنچائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم عوام کو مفت اور معیاری تعلیم دلوائیں گے اور یہ کام صرف اور صرف پیپلز پارٹی ہی کرسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت کی سہولت مفت فراہم کی جائے اور جس طرح پیپلز پارٹی نے سندھ کے تقریباً ہر ضلعے میں مفت اسپتال قائم کیا ہے بالکل اسی طرح اب پنجاب کے ہر ضلعے میں بھی مفت اسپتال بنائیں گے۔
جاتی امراء لاہور ورکرز کنونشن میں عوام کا جم غفیر اپنے قائد چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا خطاب سننے کیلئے منتظر@BBhuttoZardari pic.twitter.com/myKhBkK4e5
— PPP (@MediaCellPPP) January 4, 2024
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کی حکومت بننے جا رہی ہے ہم رائیونڈ میں بھی مفت اسپتال کی سہولت فراہم کریں گے۔
’30 لاکھ گھر بنائیں گے، کچی آبادیاں ریگولرائز کریں گے‘
انہوں نے کہا کہ سندھ میں 20 لاکھ گھر ہم بنوا رہے ہیں اور مالکانہ حقوق بھی دے رہے ہیں جب وہاں یہ کام شروع کردیا ہے تو ملک کے دیگر عوام سے بھی وعدہ ہے کہ ہم انہیں بھی 30 لاکھ گھر فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ چاروں صوبوں میں کچی آبادیاں ریگولرائز کریں گے۔
’مزدور کارڈ متعارف کرائیں گے‘
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ کی رقم میں اضافہ کریں گے اس کے ساتھ ہی اس کے تحت دیگر فلاحی منصوبوں کا بھی آغاز کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں خواتین کے لیے بینظیر انکم سپورٹ اسکیم لائے وہیں مزدوروں کے لیے بھی مزدور کارڈ متعارف کرائیں گے۔
مزید پڑھیں
نوجوانوں کے لیے اسکالرشپس
بلاول بھٹو نے کہا کہ نوجوانوں کو اسکالرشپس دیں گے اور اگر تمام کو دینا ممکن نہ بھی ہوا تو انہیں قرضہ فراہم کریں گے جو وہ برسرروزگار آکر واپس چکا سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نفرت، تقسیم، گالم ،گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا ایجنڈا پنجاب اور رائیونڈ کے عوام کو سمجھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نفرت کی سیاست چھوڑ کر آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ یا کسی اور جماعت سے نہیں ہے بلکہ ہمارا مقابلہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری سے ہے۔
’بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں بھوک مٹاؤ پروگرام کا بھی آغاز کرے گی اور عوام سے کیے جانے والے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔