لاہور کسی بزنس مین یا کھلاڑی کا نہیں، ذوالفقار علی بھٹو کا ہے: بلاول بھٹو

اتوار 7 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ لاہور کسی بزنس مین کا یا کسی کھلاڑی کا نہیں ہے، بلکہ ذوالفقار علی بھٹو کا ہے۔ یہ قائد عوام، بے نظیر بھٹو اور جیالوں کو شہید کرکے ہمیں ڈراسکتے ہیں تویہ ان کی غلط فہمی ہے۔ ہمیں کسی پٹواری کی کوئی ضرورت نہیں صرف آپ کا ساتھ چاہیے۔

لاہور کوٹ لکھپت میں الیکشن آفس کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ پوچھتے ہیں کہ ہم کیوں آئے ہیں؟ یہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کا لاہور ہے۔ آپ تو جنرل ضیاء کی وجہ سے پنجاب پر مسلط ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم الیکشن لڑنے کے لیے کہیں اور نہیں دیکھ رہے، ہم عوام کی طرف دیکھ رہے ہیں،  لاہور میں ان کا مقابلہ کریں گے، انہیں گھر میں گھس کر ماریں گے۔ نفرت کی سیاست کو دفن  کرکے ملک کی خوشحالی کا سوچنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں مفت علاج کی سہولت دیں گے، لاہور والوں کو لندن جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ کچی آبادی والے لوگوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔ ہمارا آپ سے وعدہ ہے کہ سرکاری لوگوں کی تنخواہ ڈبل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ میرے سفیر ہیں اور میری آواز ہیں، ذوالفقار علی بھٹو کی طرح میں بھی لاہور سے الیکشن لڑ رہاہوں، اپنے شہر لاہور آیا ہوں ذوالفقار بھٹو اور بی بی شہید نے یہاں سے الیکشن لڑا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مہنگائی، بےروزگاری کا مل کر مقابلہ کریں گے، پنجاب کے ہر ضلع میں مفت علاج کے ادارے بنائیں گے، سولر کی صورت میں 300یونٹ بجلی مفت فراہم کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو تیر کے نشان پر ٹھپہ لگائیں اور پرانے سیاستدانوں کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ دیں۔ کارکن میرا یہ پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp