قطر کے ساتھ تجارت سمیت تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے خواہشمند ہیں، وزیراعظم

جمعرات 4 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان میں قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی۔

انوالحق کاکڑ نے قطر کی جانب سے غزہ میں عارضی جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے عالمی برادری خصوصاً امہ پر زور دیا کہ وہ فلسطین میں امن کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

نگراں وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔

خلیجی خطہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قطر سمیت خلیجی ممالک کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معیشت کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے راغب کرنے کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے قطری سفیر سے کہا کہ وہ سیاحت اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کریں۔

نگراں وزیراعظم نے انہیں پاکستان میں سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان کی تعیناتی کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے قطر کے امیر کے لیے تہنیتی پیغام بھی دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp