سڈنی ٹیسٹ میں بھی شکست، آسٹریلیا نے گرین شرٹس کو وائٹ واش کردیا

ہفتہ 6 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا نے سڈنی میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں قومی ٹیم کو ایک بار پھر کلین سوئپ کرتے ہوئے وائٹ واش کردیا۔ آج سڈنی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی ٹیم 115 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور آسٹریلیا کو 130 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ڈیوڈ وارنر نے 57 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پہلی وکٹ صفر پر گری، اوپنر عثمان خواجہ پاکستانی بلے باز ساجد خان کا شکار بن کر پویلین لوٹ گئے۔ میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے کھانے کے وقفے تک 1 وکٹ کے نقصان پر 91 رنز بنائے، جس کے بعد دوسری وکٹ 119 رنز کے مجموعے پر گری، ڈیوڈ وارنر 57 رنز بنا کر ساجد خان کا شکار بنے۔ اسٹیو اسمتھ 4 رنز اور مارنس لبوشین 62 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

چوتھے دن کے آغاز پر قومی ٹیم دوسری اننگز میں 115 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ محمد رضوان 28، عامر جمال 18 اور حسن علی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق، شان مسعود، ساجد اور سلمان صفر پر آؤٹ ہوئے، صائم ایوب 33 اور بابراعظم صرف 23 رن بنا سکے۔ پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں ہیزل ووڈ نے 4 اور نیتھن لائن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ پاکستان کے عامر جمال کے نام رہا جنہوں نے میچ میں 82 رنز بنائے اور 69 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ بھی کیا۔ جبکہ پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کے نام رہا جنہوں نے 38 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ سیریز میں 19 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

پاکستان نے گزشتہ 3 دہائیوں سے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا۔ 1999 سے آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی تمام سیریز میں پاکستان کو کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سڈنی ٹیسٹ کی ہار پاکستان کو لگاتار 17ویں ٹیسٹ میچ میں شکست ہے۔

حالیہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اوپنرز نے متاثر کن کارکردگی نہ دکھا کر مداحوں کو مایوس کیا جبکہ خراب فیلڈنگ اور ڈراپ کیچز نے بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کیے ہیں۔

پاکستان اسکواڈ

قومی ٹیم میں سڈنی ٹیسٹ میچ کے لیے 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، امام الحق اور شاہین آفریدی کو آرام دے کر ان کی جگہ صائم ایوب اور ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ کپتان شان مسعود، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان علی آغا میر حمزہ، حسن علی اور عامر جمال بھی سکواڈ کا حصہ تھے۔

آسٹریلیا اسکواڈ

سڈنی ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ پیٹ کمنز کی قیادت میں نیتھن لائن، جوش ہیزل ووڈ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، ایلکس کیری اور مچل سٹارک شامل تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp