غزہ میں 12 ہزار سے زائد فوجیوں کے زخمی ہونے پر اسرائیل پریشان

ہفتہ 6 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری وحشیانہ حملوں اور زمینی لڑائی میں اسرائیل کو عسکری اور معاشی طور پر خاصا نقصان ہو چکا ہے اور انکشاف کیا جا رہا ہے کہ جنگ کے باعث معذور ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 12 ہزار 5 سو سے زائد ہو چکی ہے۔

‌اسرائیل کے معروف اخبار ’یدیوت اہرونوٹ‘ نے انکشاف کیا ہے کہ وزارت دفاع کی جانب سے کل زخمی فوجیوں کا تخمینہ سرکاری طور پر بتائے گئے اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ تعداد 20 ہزار سے زائد بھی ہوسکتی ہے۔ اسرائیلی فوج نے اب تک 2300 فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے لیکن مختلف اسپتالوں اسرائیل ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) کے ڈس ایبلڈ پیپلز آرگنائزیشن کے ذرائع کے مطابق اصل اعداد و شمار اس سے زیادہ ہیں۔

‌اسرائیلی فوج کے ترجمان نے گزشتہ روز مزید 5 فوجیوں کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔ ‌اخبار کے مطابق اسرائیل ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) کے زیر انتظام بحالی کا ادارہ ڈس ایبلڈ پیپلز آرگنائزیشن فی الحال 60 ہزار معذور افراد کا علاج کر رہا ہے۔ 2023 میں 5 ہزار سے زیادہ معذور فوجیوں کو علاج کے لیے لایا گیا تھا جب کہ 7 اکتوبر کے بعد سے 3400 معذور فوجی یہاں لائے گئے ہیں۔

‌پوری قوت کے استعمال کے باجود اسرائیل اب تک اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکا ہے اور گذشتہ 3 ماہ میں وہ کئی بار اپنی جنگی حکمت عملی بدلتا رہا ہے۔ ‌پہلے فضائی حملے اور اس کے بعد 27 اکتوبر سے زمینی کارروائیاں شروع کی گئی جس میں انہیں حماس کی طرف سے گھات لگا کر کیے گئے مہلک حملوں کا سامنا رہا۔ اسرائیل ابھی تک حماس کو ختم کرنے اور غزہ میں اپنے 129 یرغمالیوں کو آزاد کرانے کے اپنے اہداف حاصل کرنے سے بہت دور ہے۔ ‌رواں ہفتے یہ خبریں آئیں کہ اسرائیل نے غزہ سے بڑی تعداد میں اپنے فوجیوں کو نکال لیا ہے اور اب وہ میزائل اور فضائی حملوں میں تیزی لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

یدیوت اہرونوت کے مطابق بحالی کی خدمات میں مزید ہزاروں فوجیوں کا اضافہ معذور فوجیوں کے لیے پہلے سے ہی تنقید کا نشانہ بننے والے پروگرام کے لیے مالی اور لاجسٹک چیلنجز پیدا کر سکتا ہے۔

رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل کو 2014 کی غزہ جنگ میں حصہ لینے والے ایک اسرائیلی فوجی اتزک سیدیان کی طرح نئے مقدمات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جس نے 2021 میں وزارت دفاع کے بحالی دفتر کے باہر خود کو آگ لگالی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp