سانحہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں کا پتا لگانے کے لیے وفاقی کابینہ نے کمیٹی تشکیل دیدی

ہفتہ 6 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی ہدایت پر سانحہ 9 مئی 2023 سے متعلق کابینہ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ کابینہ ڈویژن نے کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کمیٹی 14 روز میں وفاقی کابینہ کو اپنی رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کابینہ کمیٹی کی سربراہی نگران وفاقی وزیر قانون احمد عرفان اسلم کریں گے، کمیٹی 9 مئی 2023 کے واقعات کا جائزہ لے گی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات تیار کرے گی۔

کمیٹی اراکین میں نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی، نگران وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج اور نگران وزیر داخلہ شامل ہوں گے۔ واضح رہے کہ سرفراز بگٹی کے بطور وزیر داخلہ استعفیٰ دینے کے بعد وزارت داخلہ کا اضافی چارج وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے پاس ہے۔

کمیٹی کے ٹی او آرز میں شامل ہے کہ کابینہ کمیٹی 9 مئی واقعات کی وجوہات تلاش کرےگی۔ کمیٹی 9 مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ، منصوبہ سازوں، سہولتکاروں اور عمل کرنے والوں کا پتا لگائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی 9 مئی کے فوری اور طویل المدتی اثرات کا جائزہ لے گی جبکہ وزارت داخلہ کابینہ کمیٹی کو سیکریٹریٹ کی سہولت فراہم کرےگی۔

یاد رہے کہ سابق وفاقی کابینہ نے 19 مئی 2023 کو ہوئے اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے تحت سخت کارروائی کی توثیق کی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکا نے 9 مئی کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شر پسندوں کے خلاف قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے تحت سخت کارروائی اور زیرو ٹالرینس پالیسی اپنانے پر زور دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp