پی ٹی آئی نے 9 مئی واقعات کی تحقیقات کے لیے حکومتی کمیٹی کا قیام مسترد کردیا

ہفتہ 6 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے حکومتی کمیٹی کا قیام مسترد کر دیا ہے۔

سینیئر رہنما پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے دیگر رہنماؤں کے ساتھ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی ہے۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہاکہ ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ 9 مئی واقعات کی تحقیقات جوڈیشل کمیشن کے ذریعے کرائی جائیں۔

واضح رہے کہ نگراں حکومت نے آج ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو سانحہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں کا پتا لگائے گی۔

کمیٹی کی سربراہی نگراں وفاقی وزیر قانون احمد عرفان اسلم کریں گے۔ جبکہ کمیٹی اراکین میں نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی، نگران وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج اور نگران وزیر داخلہ شامل ہوں گے۔

یہ بھی یاد رہے کہ سرفراز بگٹی کے بطور وزیر داخلہ استعفیٰ دینے کے بعد وزارت داخلہ کا اضافی چارج وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے پاس ہے۔

آئندہ عمران خان کا کوئی بھی بیان میرے ذریعے سے جاری ہوگا، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ الیکشن ملتوی کرانے کے لیے سینیٹ کی قرارداد کی کوئی آئینی و قانونی حیثیت نہیں، ہم سپریم کورٹ سے بھی کہتے ہیں کہ 8 فروری کو انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ میری آج جیل میں عمران خان سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، ہم آئندہ انتخابات میں صرف نظریاتی رہنماؤں اور کارکنوں کو ٹکٹ دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان نے عدلیہ کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، آج یہ طے ہو چکا ہے کہ آئندہ عمران خان کا کوئی بھی بیان میرے ذریعے جاری ہوگا۔

بیرسٹر گوہر نے کا کہنا تھا کہ ہم چاہ رہے تھے کہ آر اوز عدلیہ سے لیے جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp