کرم میں مسافر گاڑی پر فائرنگ، خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق

اتوار 7 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں مسافر گاڑی پر مسلح افراد نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ صدہ بازار کے قریب پیش آیا جہاں مسلح افراد نے پارا چنار سے پشاور جانے والی مسافر گاڑی کو نشانہ بنایا۔ کرم پولیس نے بتایا کہ مسلح افراد نے خودکار جدید اسلحے کا استعمال کیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ جبکہ زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ڈرائیور رحمان علی، غلام مصطفیٰ، عبدالقادر خان اور ایک خاتون شامل ہے۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واقعے کے فوری بعد طوری بنگش قبائل نے ہنگامی جرگہ طلب کر لیا ہے۔ جس میں دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے اجتماعی طور پر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

دوسری جانب نگراں وزیراعلی خیبر پختونخوا نے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ کرم خیبر پختونخوا کا ضلع ہے۔ جس میں مسافر گاڑیوں کو اکثر نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے سرکاری اسکول میں امتحانی ڈیوٹی پر مامور اساتذہ کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 6 اساتذہ سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp