کوئٹہ کے علاقے بولان میں دھماکے میں شہید ہونے والے 9 پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور، چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی پولیس سمیت سول وعسکری حکام نے شرکت کی،ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں کی میتوں کو سلامی پیش کی گئی ہے۔ انہیں سرکاری اعزازکےساتھ سپردخاک کیاجائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں کے لیے معاوضے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لواحقین کو ترمیم شدہ پالیسی کے مطابق اضافی 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا اور شہداء کے خاندانوں کی کفالت بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
بولان میں بلوچستان کانسٹبلری کے ٹرک پر خودکش دھماکہ، 9 پولیس اہلکار جاں بحق
وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کے علاج معالجہ کے تمام اخراجات بھی صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔
واضح رہے کہ پیر کے روز بولان کے علاقے کمبڑی پل کے قریب بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
ایس ایس پی کچھی محمود نوتیزئی کے مطابق خود کش حملہ آور نے بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑایا جس کے نتیجے میں 9 اہلکار شہید جبکہ 9 زخمی ہوئے۔
صوبائی وزیرِ داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے فورسز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے اور کہا ہے کہ
صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فورسز کی استعداد کار بڑھانے میں پوری معاونت کرے گی۔