باجوڑ میں بم دھماکا، 5 پولیس اہلکار ہلاک، 14 زخمی

پیر 8 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں بم دھماکے میں 5 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 14 زخمی ہو گئے ہیں، ریسکیو اور امدادی ٹیموں نے امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔

پولیس اور ریسکیو کے مطابق واقعہ تحصیل ماموند کے علاقہ بیلوٹ فرش میں پیش آیا جہاں پولیس وین کو بم سے نشانہ بنایا گیا ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق بم دھماکے میں 5 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 14 زخمی ہوئے، جن میں بیشتر پولیس اہلکار شامل ہیں۔

ریسکیو ٹیم نے زخمیوں اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو منتقل کر دیاہے، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق 2 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بدقسمت ٹرک میں پولیس اہلکار انسدادِ پولیو مہم ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے جا رہے تھے جب انہیں بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے باعث وین مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔

پولیس کے مطابق فوری طور پر بم دھماکے کی نوعیت کا اندازہ نہیں ہو سکا ہے، لاشوں اور زخمیوں کو خار اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس نے واقعے کی ہر زاویے سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں اس دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے نہ صرف پولیس بلکہ بچوں کی صحت پر بھی حملہ کیا ہے، اس سفاکانہ حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

’انسدادِ پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر حملہ کسی صورت میں برداشت نہ کیا جائے، یہ براہ راست ہمارے بچوں کی صحت کا معاملہ ہے، شرپسند نہیں چاہتے کہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہو جائے۔ اس واقعے میں ملوث دہشتگردوں کو فوری گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp