پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس اور 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت آج ہوگی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز اور توشہ خانہ کیس کی سماعت راولپنڈی اڈیالہ جیل میں کریں گے۔
گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ پر فردِ جرم عائد نہیں ہوسکی تھی۔ عدالت نے ایک سو نوے ملین پاؤنڈ ریفرنس میں 6 شریک ملزمان کو مفرور قرار دے دیا تھا جبکہ سابق وزیراعظم کی ٹیلیفون پر بیٹوں سے بات چیت کی استدعا منظور کرلی گئی.
ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے دوران سماعت توشہ خانہ ریفرنس میں ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کرنے پر زور دیا تھا لیکن ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی پر آج فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔