بنگلہ دیش کے اسٹار کرکٹر شکیب الحسن بھی انتخابات 2024 میں کامیاب

پیر 8 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش کے اسٹار کرکٹر شکیب الحسن انتخابات 2024 میں کامیاب ہوگئے، انہوں نے 1 لاکھ 50 ہزار ووٹوں سے اپنے حریف کو پچھاڑ دیا۔

بنگلہ دیش میں اتوار کو ہونے والے عام انتخابات میں اسٹار کرکٹر شکیب الحسن نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پارلیمانی نشست حاصل کی ہے، جبکہ اپوزیشن نے یہاں سے انتخابات کا بائیکاٹ کررکھا تھا۔

تمام فارمیٹس میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنے والے 36 سالہ آل راؤنڈر نے اپنے حلقے کے ایک مغربی قصبے ماگورا میں اپنے حریف کو 150,000 ووٹوں کے حیران کن فرق سے شکست دی۔

وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکمران عوامی لیگ پارٹی کے امیدوار شکیب الحسن نے اپنی کامیابی پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

دوسری جانب شکیب الحسن کی عوامی اجتماع میں ایک مداح کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس نے ان کو متنازع بنا دیا ہے، دراصل یہ ویڈیو بدھ کے روز کی ہے جب شکیب الحسن ایک پولنگ بوتھ کے دورے پر گئے۔

سپر اسٹار آل راؤنڈر کے ساتھ بات چیت کرنے اور تصویر لینے کی کوشش میں اچانک بہت سے لوگوں نے انہیں گھیر لیا۔ ان میں سے ایک نے پیچھے سے ان کا ہاتھ پکڑنے کی کوشش کی تو شکیب نے اس شخص کے منہ پر تھپڑ جڑ دیا۔

بدقسمتی سے شکیب الحسن نے جس وقت تھپڑ مارا، یہ منظر کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا، ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز بنگلہ دیش میں ہونے والے انتخابات میں عوام لیگ کی کامیابی کے بعد شیخ حسینہ واجد بانچویں بار وزیراعظم بننے کے امکانات بڑھ گئے ہیں کیوں کہ 60 فیصد نشستیں عوامی لیگ اور اتحادیوں نے جیت لی ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ عوامی لیگ کی جانب سے کامیاب شکیب الحسن انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں، انہوں نے بیک وقت تینوں کرکٹ فارمیٹس میں نمبر ون آل راؤنڈر پوزیشن حاصل کی ہے۔

36 سالہ اسٹار کھلاڑی اب تک 66 ٹیسٹ، 247 ون ڈے اور 117 ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp