مہنگائی کرنے والوں کو پکڑتے ہیں، اگلے دن وہ رہا ہوجاتے ہیں، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 8 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مہنگائی کرنے والوں کو ایک دن گرفتار کرتے ہیں تو وہ اگلے دن رہا ہو جاتے ہیں۔

آج لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اشیا کی قیمتوں کے حوالے سے روزانہ کریک ڈاؤن ہورہا ہے، لوگ پکڑے جاتے ہیں مگر اگلے دن چھوٹ جاتے ہیں اور پھر وہی دھندہ شروع کردیتے ہیں، اس صورتحال میں ہم کیا کرسکتے ہیں، جب تک قوانین سخت نہیں ہوں گے اور ان لوگوں کو سزائیں نہیں ملیں گی تب تک مہنگائی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد کی بوری 3600 روپے کی بوری ہے جو کہیں ساڑھے 4 ہزار روپے تو کہیں 5 ہزار روپے میں مل رہی ہے، مہنگائی کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں ہورہی ہیں مگر مسئلہ وہی ہے کہ ان افراد کو آج پکڑتے ہیں تو اگلے دن وہ چھوٹ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس میں عدالتوں کا کوئی قصور نہیں، قوانین کو سخت کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلی حکومت ان قوانین کو سخت بنانے پر کام کرے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ لاہور کے سی بی ڈی پل کی تعمیر کا کام الیکشن سے پہلے مکمل ہوجائے گا اور اس پر ٹریفک بحال ہوجائے گی، اس حوالے سے متعلقہ افسران کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وقت سے پہلے مکمل ہوجائے گا، جلد بازی میں معیار پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے تاہم افسران کی نااہلی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ سے متعلق کوئی مسئلہ نہیں، ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل ہوں گے، دعا ہے کہ آنے والی حکومت صوبے میں مزید ترقیاتی کام کرے۔

نگران وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نشتر اسپتال، ڈیری غازی خان اسپتال کا کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ اپ گریڈیشن کے بعد خدمات کی فراہمی کے لیے تیار ہیں جبکہ میو اسپتال کا ایمرجینسی ڈیپارٹمنٹ 15 جنوری، جنرل اسپتال، بہاولپور اسپتال، نشتر ون، میو اسپتال کا باقی حصہ 31 جنوری جبکہ چلڈرن اور سر گنگا رام اسپتال اگلے 10 سے 15 دن میں تیار ہوجائے گا۔

پنجاب میں انتخابات سے متعلق امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے سوال کے جواب میں نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے جس پر انہیں تشویش ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp