ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔ پنجاب، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند اور اسموگ چھائی رہے گی۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک میں آئندہ ہفتے کے دوران یہی موسمی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ویدر اپ ڈیٹس پی کے کی ’ایکس‘ پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ کے مطابق، ’ملک بھر میں کل سے سائبیرین ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، کراچی تا کشمیر لوگ رواں برس کے شدید سرد موسم کے لیے تیار ہوجائیں۔‘
A Strong Intensity Cold wave is likely to Grip most parts of Country from tomorrow onwards. Karachi to Kashmir Prepare for Chilly Siberian Winds and Peak Winter Season 2024. 🥶 pic.twitter.com/4ZdpdDFnUl
— Weather Updates PK (@WeatherWupk) January 8, 2024
محکمہ موسمیات کے مطابق، منگل کے روز اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے علاوہ دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا بھی امکان ہے۔ علاوہ ازیں، مری، گلیات اور گرد و نواح میں ہلکی بارش اور برفباری بھی متوقع ہے۔
مزید پڑھیں
صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا بھی امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ چارسدہ، مردان، نوشہرہ، صوابی، پشاور، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہا۔ اسلام آباد، پنجاب، بالائی سندھ اورخیبرپختونخوا کے میدانی علاقے شدید دھند اور اسمو گ کی لپیٹ میں رہے۔ تاہم شمالی بلوچستان میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش کوئٹہ کے علاقوں سمنگلی 11 ملی میٹر، شیخ ماندہ 07 ملی میٹر، خضدار میں 07 ملی میٹر، قلات 03 ملی میٹراور بارکھان میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ زیارت میں 03 انچ برفباری ریکارڈ ہوئی۔