خیبرپختونخوا میں بارشوں کا سلسلہ شروع، برفباری کا بھی امکان

ہفتہ 27 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں آج سے 31 جنوری تک وقفے وقفے سے بارشوں اور برف باری کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان کے مطابق ممکنہ بارشوں اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔ مراسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ شہری علاقوں میں دھند میں کمی کا امکان ہے۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور  احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈٰ ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں۔ حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔ اس دوران ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

آئندہ چند روز تک کن علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے؟

ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ تاہم شام یا رات میں کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقا مات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علا قوں میں شدید دھند، سموگ چھائے رہے گی۔ شدید دھند کے باعث ان مذکورہ علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں 27 جنوری کی رات سے ملک کے مغربی علاقوں سے ملک میں داخل ہوں گی، اور 31 جنوری تک بالائی علاقوں میں موجود رہیں گی۔ جس کے باعث گلگت بلتستان میں دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر جبکہ کشمیر میں وادی نیلم، مظفر آباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سندھوتی، کوٹلی، بھمبر اور میر پور میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ تاہم چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مالاکنڈ میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری جبکہ چارسدہ، مردان، نوشہرہ، صوابی، پشاور، لکی مروت، بنوں اور گرد و نواح میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں بھی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے

اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں بھی مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران مری اور گلیات میں بھی مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ تاہم مری، گلیات اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود، رہنے کے ساتھ ہلکی بارش، بوندا باندی اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ بہاولپور، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک، جہلم، منگلا، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، حافظ آباد، بھکر، لیہ، ڈیرہ غا زی خان اور گر دو نواح میں ہلکی بارش کا امکان ہے، تاہم شدید دھند اور سموگ چھائے رہے گی۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا، بلوچستان کے شمالی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جیکب آباد، حیدرآباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی، خیر پور، کشمور اور پڈعیدن میں ہلکی دھند سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp