درہ آدم خیل: خواجہ سراؤں کا ناچ گانا مسجد میں تھا یا حجرے میں؟

منگل 9 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں، مسجد کے احاطے میں موسیقی کے پروگرام میں خواجہ سراؤں کے ناچ گانے پر پولیس نے 15 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

کوہاٹ پولیس کے مطابق واقعہ درہ آدم خیل تھانے کی حدود میں پیش آیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔

ایس ایچ او تھانہ درہ آدم خیل سدا خان نے وی نیوز کو بتایا کہ درہ آدم خیل میں ڈینگان شپلکی میں مقامی افراد نے منگنی کی خوشی میں موسیقی پروگرام کا انعقاد کیا تھا جس  میں خواجہ سراؤں کو بھی ناچ گانے کے لیے بلایا گیا تھا۔

سدا خان بتایا کہ تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس پر لوگوں میں شدید غم و غصہ اور اشتعال پیدا ہوگیا۔ نتیجتاً انہوں نے تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس نے ویڈیو کی مدد سے جگہ کا پتہ لگا کر کاروائی شروع کر دی۔

درہ آدم خیل میں مبینہ طور پر مسجد میں خواجہ سراؤں کے رقص پر درج ایف آئی آر کا عکس

تھانہ درہ آدم خیل میں درج ایف آئی آر میں 3 افراد کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ 12 افراد کی ابھی شناخت ہونا باقی ہے۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مسجد کی بے حرمتی کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایف آئی آر کے بعد کارروائی جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں پولیس تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کوئی ناخوش گوار واقعہ پیش نہ آئے۔

سوشل میڈیا میں وائرل ویڈیو

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں پشتو گانے پر خواجہ سرا ناچ کرتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ پس منظر میں مسجد بھی نظر آ رہی ہے۔ تقریب کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو پرانی ہے البتہ  گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ جبکہ پروگرام مسجد میں نہیں بلکہ حجرے میں تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp