عمران خان کی الیکشن کمیشن کو مبینہ دھمکی: فواد چوہدری کا ’آنکھوں دیکھا‘ احوال

منگل 9 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری نے عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن کو دھمکی دینے کے حوالے سے ’حقائق‘ بتادیے۔

‏اسلام آباد احتساب عدالت کے احاطے میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے واقعی الکیشن کمیشن کو دھمکی دی تھی تو اس پر انہوں نے کہا کہ ’میں وہیں موجود تھا عمران خان نے کوئی دھمکی نہیں دی تھی اور نہ ہی یہ کہا تھا کہ وہ الیکشن کمیشن والوں کے نام اور شکلیں پہچانتے ہیں‘۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا 90 دن میں الیکشن نہ کرانے پر سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے نوٹ لکھا ہے جس میں ان کے ریمارکس ہیں کہ جنہوں نے آئین توڑا ان پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔

دی اکنامسٹ میں عمران خان کا ‏کالم، فواد چوہدری کا تببصرہ

جب فواد چوہدری سے استفسار کیا گیا کہ کیا عمران خان کے جیل سے برطانوی ہفت روزہ ’دی اکنامسٹ‘ میں کالم لکھے جانے وال بات درست ہے تو اس پر عمران خان کے سابق قریبی ساتھی نے اپنی لاعلمی کا اظہار کیا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وہ لکھوایا ہوگا اب اس کی حقیقت جاننے کے لیے عدالت دوران سماعت وکلا کو نوٹس دے سکتی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل عمران خان کا دی اکنامسٹ میں ایک مضمون شائع ہوا تھا جس میں انہوں نے 8 فروری کو پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں الیکشن ہوں یا نہ ہوں مگر جس طریقے سے انہیں اور ان کی پارٹی کو عدم اعتماد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سے ایک چیز واضح ہو گئی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ، سیکیورٹی ایجنسیاں اور سول بیوروکریسی پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

بعد ازاں مذکورہ آرٹیکل کی تصدیق کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس میں جو باتیں لکھی گئی ہیں وہ درست ہیں اور ’میں نے زبانی ہدایات دی تھیں جس کے بعد آرٹیکل لکھا گیا‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp