عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابی نشان الاٹ کر دیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کو تلوار، پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کو تیر، پاکستان مسلم لیگ ن کو شیر اور پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کو بلے باز کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔
Ecp by Ghulam Mustafa hashmi on Scribd
اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کو پگڑی، پاکستان مسلم لیگ جناح کو سائیکل، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو پتنگ، استحکام پاکستان پارٹی کو عقاب اور ایم کیو ایم کو موم بتی کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جمعیت علما اسلام پاکستان کو کتاب، جماعت اسلامی پاکستان کو ترازو، بلوچستان نیشنل پارٹی کو کلہاڑی، تحریک لبیک پاکستان کو کرین کا نشان الاٹ کیا ہے۔
اس کے علاوہ جمشید دستی کی جماعت پاکستان عوامی راج کو جھاڑو، پاکستان عوامی پارٹی کو انسانی آنکھ کا انتخابی نشان دیا گیا ہے۔
145 جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے گئے ہیں
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اب تک کل 145 جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشانات کی فہرست ریٹرننگ افسران کو ارسال کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو ابھی تک کوئی انتخابی نشان الاٹ نہیں کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کو بلے کا انتخابی نشان مل سکے گا یا نہیں اس کا فیصلہ کل متوقع ہے۔
بلے کے انتخابی نشان کے حوالے سے کل سپریم کورٹ آف پاکستان اور پشاور ہائیکورٹ میں اہم سماعت ہونی ہے۔