امریکا: خون عطیہ کرنے والوں کی تعداد 20 سال کی کم ترین سطح پر کیوں پہنچ گئی؟

بدھ 10 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریڈ کراس نے خون کی ہنگامی کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں خون عطیہ کرنے والوں کی تعداد 20 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ امریکا خون کی ہنگامی کمی کا سامنا کر رہا ہے، اور یہ تشویش بڑھ رہی ہے کیونکہ شدید سردیوں کے موسم اور سانس کی بیماریوں کا امتزاج بڑھ رہا ہے اور لوگوں کو اپنے عطیات منسوخ کرنے پر مجبور کر سکتا ہے اور اس کمی سے طبی طریقہ کار میں تاخیر بھی ہو سکتی ہے۔

ریڈ کراس کے مطابق رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دینے والے افراد کی تعداد 20 سالوں میں کم ترین سطح پر ہے اور گزشتہ 2 دہائیوں کے دوران ریڈ کراس کے ذریعے عطیہ کرنے والوں کی تعداد میں تقریباً 40 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اب، اسپتالوں اور ضرورت مند مریضوں کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے خون کا عطیہ کافی نہیں ہے۔

امریکا کے خون کے مراکز کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پیر تک کم از کم 17 کمیونٹی بلڈ سینٹرز کو ایک دن یا اس سے کم کی سپلائی ہے جو یہ بتاتی ہے کہ انہیں جلد از جلد عطیات کی ضرورت ہے۔ ملک کے سب سے بڑے خون فراہم کرنے والے ریڈ کراس کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر پیمپی ینگ نے کہا کہ ایک ڈاکٹر کے لیے سب سے زیادہ تکلیف دہ صورت حال یہ ہے کہ مریضوں سے بھرا ہوا اسپتال اور بغیر کسی خون کی مصنوعات کے خالی فریج کا ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ہر 2 سیکنڈ میں ایک شخص کو زندگی بچانے والے خون کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کی دستیابی زندگی اور موت میں فرق پیدا کر سکتی ہے۔ تاہم، خون صرف ان لوگوں کی سخاوت کی بدولت دستیاب ہے جو خوشی سے عطیہ کرتے ہیں۔

ریڈ کراس کے مطابق کرسمس اور نئے سال کے دن کے درمیان ہفتے میں، تقریباً 7 ہزار یونٹس کے عطیہ کی کمی تھی۔ ہمیں جنوری میں ہر ہفتے تقریباً 8 ہزار اضافی عطیات کی ضرورت ہے تاکہ سپلائی میں اضافہ ہو۔ خون کا ایک یونٹ عام طور پر عطیہ کے دوران جمع کیا جاتا ہے اور ماہرین کا اندازہ ہے کہ ایک کار حادثے کے شکار کو زیادہ سے زیادہ 100 یونٹ خون کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

تاہم ریڈ کراس کے مطابق اس سے قبل بھی 2023 میں خون کی سپلائی میں کمی ہوئی تھی جس پر لوگوں سے اپیل کی گئی تھی کہ خون کے عطیات دیے جائیں لیکن اب دوبارہ سپلائی ایک بار پھر ملک بھر میں انتہائی نچلی سطح تک گرگئی ہے۔ ڈاکٹر ایرک گیہری نے کہا کہ جب ریڈ کراس یہ تعین کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ اسپتالوں کو سپلائی کرنے کے لیے کتنا خون درکار ہے، تو یہ موسمی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتا ہے-

ریڈ کراس اب صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد اور عوام کے ارکان سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ خون کا عطیہ دیں تاکہ ملک کی سپلائی کو واپس بحال کرنے میں مدد ملے۔ گیہری کے مطابق 2 قسم کے خون کی مصنوعات جن کی اکثر ضرورت ہوتی ہے وہ پلیٹلیٹس اور سرخ خون کے خلیات ہیں۔ پلیٹلیٹس کی ضرورت مسلسل ہے کیونکہ یہ عطیہ کے بعد صرف 5 دن تک رہتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں، مستقبل میں ایک بڑی انوینٹری تیار کرنا واقعی ممکن نہیں ہے کیونکہ وہ انوینٹری صرف چند دنوں میں ختم ہو جائے گی، اور اس لیے پلیٹلیٹ کی فراہمی کو برقرار رکھنے والی واحد چیز وقف عطیہ دہندگان ہیں۔

واضح رہے ایسوسی ایشن فار دی ایڈوانسمنٹ آف بلڈ اینڈ بائیوتھراپیز کی ویب سائٹ پر خون کے عطیہ سائٹ لوکیٹر کا استعمال کرتے ہوئے رضاکار اپنے علاقے میں خون کے عطیہ کے مراکز بھی تلاش کر سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp