بلوچستان ہائیکورٹ کی آر اوز کو نگراں کابینہ اراکین کے کاغذات نامزدگی پر فیصلے جمع کرانے کا حکم

بدھ 10 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان ہائیکورٹ کے ڈویژنل بینچ نے مستعفی ہونے والے سابق نگراں وزرا کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے اپلیٹ ٹربیونل اور ریٹرننگ آفسران کے فیصلے طلب کر لیے۔

 جسٹس اعجاز سواتی اور جسٹس روزی خان بڑیج پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے ایپلیٹ ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف دائر آئینی درخواست پر سماعت کی۔

سابق نگراں وزیر کھیل و ثقافت نوابزادہ جمال رئیسانی کی جانب سے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف آئینی درخواست پر سماعت کے دوران جمال رئیسانی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ امیدوار جمال رئیسانی کے ووٹ اندراج کی درخواست آج الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے۔

نگراں کابینہ سے استعفیٰ دینے والے دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوچکے ہیں نگراں کابینہ میں رہنے والے سرفراز بگٹی، رامین محمد حسنی کے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ نگراں کابینہ میں رہنے والے جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ہیں ان کے فیصلے عدالت میں پیش کیے جائیں۔ ووٹ اندراج سے متعلق الیکشن کمیشن میں دائر درخواست کا فیصلہ بھی کل پیش کیا جائے 2 رکنی بینچ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

ڈویژنل بینچ نے روبینہ عرفان، فائق جمالی اور شعیب نوشیروانی کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا جبکہ بینچ نے صلاح الدین اور نور اللہ کو الیکشن کے لیے اہل قرار دے دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp