خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امیدواران اسمبلی پر فائرنگ، ایک جاں بحق، ایک زخمی

بدھ 10 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے خیبرپختونخوا اسمبلی سے آزادامیدوار  ملک کلیم اللہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب کوئٹہ میں بھی مسلم لیگ ن کے امیدوار اسمبلی اسلم بلیدی پر فائرنگ کی گئی ہے اور وہ زخمی ہو گئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شمالی وزیرستان روخان زیب خان نے وی نیوز کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ تحصیل میران شاہ میں پیش آیا ہے جہاں صوبائی حلقے پی کے 104 سے آزاد امیدوار ملک کلیم اللہ اپنے ساتھیوں کے گھر جا رہے تھے کہ انہیں نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملک کلیم اللہ کی گاڑی پر تپی گاؤں میں فائرنگ ہوئی جہاں کچھ دن قبل محسن داوڑ پر بھی فائرنگ کی گئی تھی۔

 ملک کلیم اللہ کے 2 ساتھیوں کی شناخت ذرائع کے مطابق مسرور خان اور محمد سخی کے نام سے ہوئی۔

تینوں افراد کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی، ڈی پی او روخان زیب

روخان زیب خان نے بتایا کہ تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ملک کلیم اللہ پر اس سے پہلے بھی حملہ ہوا تھا جس میں وہ بچ گئے تھے۔

حملے کے بعد لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کیے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل شمالی وزیرستان کے گاؤں تپی میں ہی سابق ایم این اے محسن داوڑ کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ الیکشن مہم میں مصروف تھے۔ اس دوران ان کی گاڑی پر گولیاں لگی تھیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اسلم بلیدی پر تربت میں حملہ

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اسلم بلیدی پر بلوچستان کے علاقے تربت میں حملہ ہوا ہے اور وہ فائرنگ سے زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ اسلم بلیدی کو نامعلوم افراد کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اسلم بلیدی میر عیسیٰ قومی پارک میں چہل قدمی کر رہے تھے اس دوران انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

یاد رہے کہ اسلم بلیدی آئندہ عام انتخابات میں این اے 258 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں۔

ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ اسلم بلیدی کو 4 گولیاں لگی ہیں، انہیں اب کراچی کے اسپتال میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

اسلم بلیدی کو کس نے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور اس کی وجوہات کیا تھیں اس حوالے سے ابھی تک تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp