غزہ میں صہیونی جارحیت، جنوبی افریقہ کی درخواست پر عالمی عدالت میں سماعت آج، پاکستان کا خیرمقدم

بدھ 10 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری ظلم و استبداد اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف جنوبی افریقہ نے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرلیا ہے جس کی شنوائی کا سلسہ آج (جمعرات) سے شروع ہوگا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مقدمے کی 2 روزہ عوامی سماعت آج سے شروع ہوگی۔ فلسطین کے حامیوں کو امید ہے کہ عالمی عدالت غزہ میں اسرائیل کی تباہ کن فوجی مہم کو روک سکتی ہے۔

 اسرائیل کے خلاف مقدمے کے پہلے حصے میں جنوبی افریقہ کی جانب سے آئی سی جے سے فوری طور پر اسرائیلی فوج کو غزہ سے نکالنے کا حکم دینے اور شہریوں پر اندھا دھند بمباری روکنے کا حکم دینے کی خصوصی ہنگامی درخواست پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

واضح رہے کہ عالمی عدالت کے قوانین کے تحت اگر ایک فریق یہ سمجھتا ہے کہ اس کی درخواست کی بنیاد بننے والی خلاف ورزیاں اب بھی جاری ہیں تو ممالک درخواست کر سکتے ہیں کہ کیس کے مناسب آغاز سے پہلے عبوری اقدامات کیے جائیں۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے دائر مقدمہ غزہ کے محاصرے سے متعلق عالمی عدالت میں پہلی مثال ہے۔ یاد رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک 23,000 سے زیادہ فلسطینی مسلمان شہید کیے جا چکے ہیں جن میں بچوں کی تعداد تقریباً 10 ہزار ہے۔

29 دسمبر کو جمع کرائی گئی اپنی درخواست میں جنوبی افریقہ نے اسرائیل پر سنہ 1948 کے اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نسل کشی کا دعویٰ کیا ہے جس میں جنوبی افریقہ اور اسرائیل دونوں فریق ہیں۔ معاہدے کے فریق ممالک کو جرم کو روکنے کا اجتماعی حق حاصل ہے۔

اپنی درخواست میں جنوبی افریقہ نے اسرائیلی جارحیت کی جو نشاندہی کی ان میں بڑی تعداد میں عام شہریوں خصوصاً بچوں کا قتل، فلسطینیوں کی اجتماعی بے دخلی، انہیں بے گھر کرنا، ان کے گھر تباہ کرنا، اسرائیلی حکام کے اشتعال انگیز بیانات جن میں فلسطینیوں کو انسانوں سے کم سمجھا جانا بھی شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کا کہنا ہے کہ یہ تمام عوامل نسل کشی کے مترادف ہیں اور اسرائیل کی نیت ظاہر کرتے ہیں۔

دریں اثنا اسرائیل نے عالمی عدالت میں دائر کیے گئے جنوبی افریقہ کے مقدمے میں اپنا دفاع کرنے کا عزم کیا ہے۔

عالمی عدالت کا پیغام

قبل ازیں عالمی عدالت انصاف کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ جنوبی افریقہ نے اسرائیل کے خلاف اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے اس کے خلاف مقدمہ چلانے کی درخواست کی ہے۔

عدالت کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کی جانب سےغزہ میں موجود فلسطینیوں کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے درخواست کی گئی ہے کہ اسرائیل کو نسل کشی کا مرتکب قرار دے کر مقدمہ چلایا جائے اور اسے مزید کارروائیوں سے روکا جائے۔

واضح رہے کہ غزہ پر جارحیت کا سلسلہ برقرار رکھنے پر جنوبی افریقہ پہلے ہی اسرائیل سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلا لیا تھا۔

اسرائیل کو عدالت میں گھسیٹنے پر پاکستان کا خیرمقدم

پاکستان نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف جنوبی افریقہ کے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عثمان جدون کا کہنا تھا کہ پاکستان اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کےعالمی عدالت انصاف میں جانے کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے متعلق قانونی مؤقف کا انتظار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹی20 ورلڈ کپ کی چیمپیئن ٹیم کے لیے کتنی رقم کا اعلان کیا، سن کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے

آئندہ انتخابات 2029 میں مقررہ وقت پر ہوں گے، وزیر اطلاعات کا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردِعمل

مرحوم امریکی صدر تھیوڈور روزویلٹ کی 1987 میں چوری ہونے والی گھڑی کی دلچسپ کہانی

ناسا کے جونو مشن نے مشتری پر لاوا جھیلیں دریافت کر لیں

ملک میں فوری نئے انتخابات کرائے جائیں، اس بات کی ضمانت ہو کہ اسٹیبلشمنٹ مداخلت نہیں کرے گی، فضل الرحمان

ویڈیو

موجودہ قیادت پرویز الٰہی اور شاہ محمود سے خائف ہے، نہیں چاہتے کہ شاہ محمود جیل سے باہر آئیں، فواد چوہدری

سب سے زیادہ دھاندلی خیبر پختونخوا میں ہوئی ہے، ایڈووکیٹ مہر سلطانہ

گلوکار و اداکار گوہر ممتاز نے پہلی محبت پر خاموشی توڑ دی

کالم / تجزیہ

علی بیگ کا چمن اور میٹا مورفسس

ٹی20 ورلڈ کپ فائنل، انڈیا کو مبارکباد دوں یا جنوبی افریقہ کو صلواتیں سناؤں؟

تحریک انصاف کی قیادت بحرانی کیفیت کا شکار