15 جنوری سے پیٹرول کی قیمتوں میں کتنی کمی کا امکان ہے؟

جمعرات 11 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ سال کے اختتام پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت 73 ڈالر فی بیرل تک گر گئی تھی، اس سے قبل اکتوبر میں خام تیل کی قیمت 94 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی، تاہم اب ایک مرتبہ پھر خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، جو اب 77 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور امریکی کرنسی کی قدر گزشتہ ایک ماہ میں 288 روپے 35 پیسے سے کم ہو کر 280 روپے ہو گئی ہے، ڈالر کی قیمتوں میں 3 روپے کی کمی اور خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر اضافے کے پیش نظر تجزیہ کاروں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوسکتی ہے، تاہم قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ 15 جنوری کی شب اوگرا کی سمری کی روشنی میں کرے گی۔

یکم جنوری کو ڈالر کی قدر میں کمی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی متوقع تھی تاہم حکومت نے عوامی امیدوں کے برعکس پیٹرول کی قیمت کو برقرار رکھا تھا۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی تاہم اب اضافے کا سلسلہ جاری ہے، برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت 77 ڈالر، امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 71 ڈالر فی بیرل جبکہ روسی خام تیل کی قیمت 71 ڈالر فی بیرل تک گر گئی ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر 15 جنوری تک اسی طرح ڈالر کی قدر میں کمی سلسلہ جاری رہا اور خام تیل کی قیمت مستحکم رہی یا پھر کمی آئی تو 16 جنوری سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 سے 5 روپے فی لیٹر تک کمی کی جاسکتی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو گی اور عوام کو ریلیف دیا جائے گا، قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ اوگرا کی سمری کی روشنی میں وزارت خزانہ 15 جنوری کو کرے گی۔

ستمبر سے پاکستان میں روپے کی قدر مستحکم اور ڈالر سستا ہو رہا تھا، انٹربینک میں ڈالر307 روپے سے کم ہو کر 23 اکتوبر کو275 روپے کا ہو گیا تھا، گزشتہ ماہ سے ایک مرتبہ پھر سے ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جو289 روپے سے کم ہو کر280 روپے ہوگئی ہے۔

حکومت نے آخری مرتبہ 15 دسمبر کو جب پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے فی لیٹر کی کمی کی تھی، اس وقت انٹر بینک ڈالر کی قیمت283 روپے تھی جو اب 3 روپے سے زائد کمی کے بعد280 روپے ہو گئی ہے، دوسری جانب 15 دسمبر کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 76 ڈالر فی بیرل کے قریب تھی جو کہ 1 ڈالر کے اضافے کے بعد اب 77 ڈالر ہو گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp