امریکا: پاکستانی نژاد فوزیہ جنجوعہ نے ٹاؤن میئر بن کر تاریخ رقم کردی، قرآن تھامے تقریب حلف برداری میں شرکت

جمعرات 11 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کے شہر چکوال سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد امریکی فوزیہ جنجوعہ نیو جرسی  کے ٹاؤن ماؤنٹ لاریل کی میئر منتخب ہوگئیں۔ اس طرح وہ پہلی مسلمان اور جنوبی ایشیائی خاتون بھی بن گئیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ حلف برداری کے دوران انہوں نے قرآن شریف بھی اپنے ہاتھ میں تھاما ہوا تھا۔

نیوجرسی اسٹیٹ کی خاتون رُکن اسمبلی کیرول مرفی نے فوزیہ جنجوعہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ فوزیہ اس سے قبل ڈپٹی میئر بھی رہ چکی ہیں۔

عہدے کا حلف لینے کے بعد فوزیہ نے کہا کہ ٹاؤن کی بحیثیت میئر خدمات انجام دینا اور اس منصب پر پہلی مسلمان اور جنوبی ایشیائی خاتون ہونا ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کونسل کی گزشتہ 3 برسوں میں ہونے والی پیش رفت کو جاری رکھیں گی۔

نومنتخب میئر فوزیہ جنجوعہ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ ماؤنٹ لاریل کے لوگ ایسی قیادت کے مستحق ہیں جو کمیونٹی سے چلنے والی، شفاف اور جوابدہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے یہاں اپنے خاندان کے ساتھ رہنے پر بھی فخر ہے اور یہ دیکھ کر مجھے اچھا لگتا ہے کہ کس طرح ماؤنٹ لاریل ایک بہترین ٹاؤن ثابت ہوا ہے۔

اس تاریخی اور قابل فخر موقعے پر فوزیہ جنجوعہ کے شوہر اور 4  بیٹے بھی موجود تھے۔

بحیثیت ڈپٹی میئر سابقہ خدمات پر فوزیہ جنجوعہ کو خراج تحسین

ان سے عہدے کا حلف لینے والی کیرول مرفی نے اس موقع پر کہا کہ انہیں پورا بھروسہ ہے کہ ڈپٹی میئر فوزیہ جنجوعہ کے بطور میئر اپنے نئے کردار میں بھی ٹاؤن کی احسن طور پر خدمت کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوزیہ جنجوعہ دل کے ساتھ غیر معمولی قیادت فراہم کرتی رہی ہیں اور ہماری متنوع کمیونٹی کو اکٹھا کرنے اور دیانتداری کے ساتھ قیادت کرنے کی ان کی صلاحیت ہی انہیں میئر کے لیے بہترین انتخاب بناتی ہے۔

سنہ 2021 میں، ماؤنٹ لاریل ٹاؤن شپ نے تاریخ کی سب سے متنوع کونسل کے ساتھ ایک نئے دور کا آغاز کیا تھا اور میئر فوزیہ جنجوعہ اور ڈپٹی میئر نکیتاس موسٹاکاس کی حلف برداری سابق میئر اسٹیفن اسٹیگلک اور سابق میئر کریم پرچیٹ کی قیادت میں اس کونسل کی محنت اور کامیابیوں کا نتیجہ قرر دی جارہی ہے۔

سال 2023 ٹاؤن شپ اور ٹاؤن شپ کونسل کے لیے متعدد کامیابیاں لے کر آیا تھا۔ اس موقع پر ٹاؤن شپ کونسل ماؤنٹ لاریل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ کونسل نے اعلیٰ معیار کی سروسز کی فراہمی، رہائشیوں کے لیے تقریبات اور کاروبار کو بڑھانے اور بڑھتی ہوئی متنوع کمیونٹی کے لیے شہر کو موزوں ترین بنانے کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp