پیپلز پارٹی پنجاب میں سیاسی جماعتوں سے اپنا حق چھین کر دکھائے گی، بلاول بھٹو

جمعرات 11 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ  پیپلز پارٹی پنجاب میں تمام سیاسی جماعتوں کا بھرپور مقابلہ کرے گی اور انہیں شکست دے کر دکھائے گی، کامیابی پیپلزپارٹی کی ہی ہو گی کیوں کہ کوئی جیل سے نکلنے کے لیے اور کوئی جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہے۔

جمعرات کو فیصل آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچھ قوتوں نےسوچاتھاکہ وہ پیپلزپارٹی کوختم کردیں گی۔ وہ سمجھتے تھے ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر کو شہید کرکےغریب کی آواز بند کردیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سب کو پیغام دینا چاہتا ہوں ہم ڈرنے والے نہیں، پورے پاکستان کو بتائیں گے کہ پنجاب میں جیالے زندہ ہیں، ہم تمام سیاسی جماعتوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اشرافیہ کی جماعتوں کو اس صوبے اور ملک پرمسلط کیا گیا، جب بھی یہ حکومت میں آتے ہیں ظلم کرتے ہیں، ملکی معاشی ابتر حالات تاریخی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

کوئی جیل سے نکلنے اور کوئی جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہے

ان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ کی غریب دشمن سیاسی جماعتوں کو پنجاب اور ملک پر مسلط کیا گیا، تمام سیاسی جماعتوں کا مقابلہ کر کے دکھائیں گے۔ کیوں کہ کوئی جیل سے نکلنے اور کوئی جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہے، یہ لوگ الیکشن لڑ کر ذاتی مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔  پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے کہ وہ عوام کو حقوق دینے کے لیے الیکشن لڑ رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، ہم پنجاب میں سیاسی جماعتوں سے اپنا حق چھینیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گھر گھر جاکر بتائیں آپ کی تنخواہ اور آمدنی کوڈبل کریں گے، پی پی کی حکومت بنے گی تو 300 یونٹ بجلی غریبوں کو مفت ملےگی۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے وعدہ ہے کہ پیپلزپارٹی کو موقع ملا تو 30 لاکھ گھر بنائیں گے، کچی آبادیاں ریگولرائز کریں گے، کسانوں کو مالی مدد اور انشورنس بھی دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سیاستدان جب بھی بیمار ہوتے ہیں لندن جاکےعلاج کراتے ہیں، اب آپ میری حکومت بنائیں تو ان سیاستدانوں کو دور نہیں جانا پڑے گا، ہم ان سیاستدانوں کے لیے دل کے علاج کا بندوبست کرلیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp