شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن نے جنوبی کوریا کو اپنا سب سے بڑا دشمن قرار دے ہے جبکہ مؤخرالذکر نے بھی انہیں کسی اشتعالی کارروائی کا سخت جواب دینے کی دھمکی دے دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کم جونگ نے ملک کی اسلحہ فیکٹریوں کا دورہ کیا اور اس موقع پر کہا کہ جنوبی کوریا ان کے ملک کا سب سے بڑا دشمن ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی حکومت جھڑپوں اور اسلحہ جمع کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
کم جونگ نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان خراب ہوتے تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں اور یہ ایک ایسی حقیقت ہے جس سے صرفِ نظر ممکن نہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم جزیرہ نما کوریا میں یک طرفہ کسی بڑے واقعے کا سبب نہیں بنیں گے لیکن جنوبی کوریا کا جنگ سے بچنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
شمالی کوریا کے سربراہ نے کہا کہ اگر جنوب نے شمال کے خلاف اسلحے کی طاقت استعمال کرنے یا پھر شمال کی سلامتی و خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور ایسا کوئی موقع پیدا ہوا تو ہم اپنے پاس موجود تمام سازوسامان کو استعمال کریں گے اور جنوب کو ختم کرنے میں ہرگز تردد نہیں کریں گے۔
ایسی دھمکیوں پر کم جونگ کو نقصان اٹھانا پڑے گا، جنوبی کوریا
جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن کی دھمکی ان کی اپنی ہی انتظامیہ کو نقصان پہنچائے گی۔
وزارت خارجہ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ہماری حکومت شمالی کوریا کی ہر اشتعالی کارروائی کا سخت جواب دے گی۔
مزید پڑھیں
کوریا جزیرہ نما میں تناؤ میں اضافے کے لیے جو بھی کیا گیا وہ جلد یا بدیر خود شمالی کوریا انتظامیہ کو نقصان پہنچائے گا۔
وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ کِم جونگ ان کی جنوبی کوریا کو ختم کرنے کی دھمکی ہمارے نزدیک محض لفظوں کا کھیل ہے۔