سپریم کورٹ: ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی توہین عدالت کیس کیخلاف اپیل خارج

جمعہ 12 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی توہین عدالت کیس کیخلاف اپیل ابتدائی سماعت کے بعد واپس لیے جانے کی بنیاد پر خارج کر دی ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائزعیسی نے استفسارکیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیا حکم جاری کیا تھا، ڈپٹی کمشنراسلام آباد کے وکیل رضوان عباسی نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریارآفریدی کی نظربندی کا حکم کالعدم قراردیا تھا۔

چیف جسٹس قاضی فائزعیسی نے دریافت کیا کہ توہین عدالت کہاں ہوئی یہ بتائیں، ابھی تو کوئی کارروائی ہوئی ہی نہیں تو اپیل کس لیے کردی، ہوسکتا ہے ہائی کورٹ ڈپٹی کمشنر کی بات سے اتفاق کر لے، وکیل رضوان عباسی بولے؛ ڈی سی اسلام آباد نے توہین عدالت نہیں کی، جس پر چیف جسٹس بولے؛ ہائی کورٹ سمجھتی ہے توہین عدالت ہوئی ہے تو کارروائی سے کیسے روکیں۔

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ ہائی کورٹ کو روکا تو کسی کے خلاف بھی توہین عدالت کی کارروائی نہیں ہوسکے گی، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ اگر سزا دے تو اپیل سن سکتے ہیں، ڈی سی اسلام آباد عدالت سے معافی مانگیں یا اپنا دفاع کریں۔

وکیل رضوان عباسی نے بتایا کہ ڈی سی اسلام آباد پر فردجرم عائد ہوچکی ہے، چیف جسٹس بولے؛ یا تو ہائی کورٹ کا حکم نامہ چیلنج کریں تو دیکھا جا سکتا ہے توہین عدالت کی کارروائی نہیں دیکھیں گے، وکیل کا موقف تھا کہ ہائیکورٹ کے کسی حکم کی خلاف ورزی نہیں کی۔

چیف جسٹس فائز عیسی نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ فرد جرم عائد کرنے سے کیسے روک سکتی ہے، ایسا دروازہ کھولا تو ہر قتل کا کیس بھی فرد جرم عائد کرنے سے پہلے سپریم کورٹ آ جائے گا، وکیل رضوان عباسی سے مکالمہ  کرتے ہوئے چیف جسٹس بولے؛ آپ قانونی بات کر رہے ہیں یا بھیک مانگ رہے ہیں۔

وکیل رضوان عباسی کا موقف تھا کہ فرد جرم عائد کرنے کے بعد مزید کوئی کارروائی نہیں ہوئی، جسٹس محمد علی مظہر نے دریافت کیا کہ کیا اسلام آباد ہائی کورٹ کا توہین عدالت کا اختیار ختم کر دیں، بعد ازاں عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی توہین عدالت کارروائی کیخلاف اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp