جسٹس (ر) مظاہر نقوی کیخلاف کارروائی، سپریم جوڈیشل کونسل کا اہم اجلاس جاری

جمعہ 12 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ کے جسٹس (ر) مظاہر نقوی کے خلاف شکایات کا معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل کا اہم اجلاس جاری ہے، چئیرمین سپریم جوڈیشل کونسل جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں جاری اجلاس کے دوران چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس نعیم افغان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی سمیت جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصور علی شاہ بھی شریک ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ انتخابات سے متعلق اہم معاملے ہمارے سامنے ہیں، چیف جسٹس نے خواجہ حارث کے معاون وکیل سے استفسار کیا کہ کونسل کی کارروائی ملتوی کرتے ہیں تو آپ کو اعتراض تو نہیں، جس پر معاون وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ ہمیں کونسل کی کارروائی ملتوی ہونے پر اعتراض نہیں ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل صاحب آپ کو تو کوئی اعتراض نہیں، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے جواب دیا کہ حکومت عافیہ شہر بانو کیس میں اپیل دائر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، وفاقی حکومت بھی چاہتی ہے کہ کچھ مہلت دی جائے۔

اس موقع پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ہم پھر کونسل کی کارروائی انتخابات کے بعد 15 فروری تک ملتوی کر دیتے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز سپریم جوڈیشل کونسل نے بطور جج سپریم کورٹ مستعفی ہونے والے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف کارروائی ختم نہ کرنے کا فیصلہ کیا، چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں اٹارنی جنرل نے کہا کہ عوامی اعتماد کا شفافیت سے براہ راست تعلق ہے، کونسل کے سامنے سوال یہ ہے جج کے استعفے کا کارروائی پر کیا اثر ہوگا؟

اٹارنی جنرل نے کہا کہ جج کو ہٹانے کا طریقہ کار رولز آف پروسیجر 2005 میں درج ہے، سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے جون 2023 میں فیصلہ دیا جس میں کہا گیا کہ جج ریٹائر ہو جائے تو اس کے خلاف کارروائی نہیں ہو سکتی، کیس میں سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کے خلاف شکایتی معلومات سپریم جوڈیشل کونسل بھیجی گئیں۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے کہا کہ جسٹس مظاہر نقوی کو استعفے کے باوجود بھی حق دفاع دیا گیا۔ وہ کل خود یا وکیل کے ذریعے پیش ہو سکتے ہیں۔ کونسل نے مظاہر نقوی کو کارروائی میں شامل ہونے کے لیے اطلاع کا نوٹس جاری کر دیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ یہ جج اور سپریم کورٹ کی ساکھ کا سوال ہے۔ سپریم جوڈیشل کونسل نے کہا کہ مظاہر نقوی کے وکلا نے وقت مانگا تو شکایت گزاروں کو سنا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp