’ایشیا فتح کرنے کا مشن،‘ النصر کے انسٹاگرام فالورز میں اضافہ

جمعرات 5 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پرتگالی سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصر کے ساتھ معاہدے کے اعلان کے بعد کلب کے سوشل میڈیا فالورز کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

تین دن قبل جب سعودی فٹ بال کلب اور کرسٹیانو رونالڈو نے اس معاہدے کا اعلان کیا تھا تو النصر کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فالورز کی تعداد 8 لاکھ 34 ہزار تھی جو کہ اب بڑھ کر 73 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔

رونالڈو انسٹاگرام پر 527 ملین سے زیادہ فالورز کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ مقبول فٹ بالر ہیں اور اگر ان میں سے 10 فیصد نے بھی النصر کلب میں ان کے کھیل کو فالو کیا تو سعودی پروفیشنل لیگ دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی لیگ میں سے ایک ہو گی۔

رونالڈو النصر کلب کے ساتھ معاہدے کے بعد پیر کی رات کو سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے تھے جہاں ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا تھا۔
ان کے سعودی عرب پہنچنے پر النصر فٹ بال کلب نے لکھا کہ ’یورپ فتح کرنے کے بعد سٹار اب ایشیا فتح کرنے کے مشن پر پہنچا ہے۔‘

سعودی فٹ بال کلب سے معاہدے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ ’میں خوش قسمت ہوں کہ یورپین فٹ بال میں ہر ٹورنامنٹ جیت چکا ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ یہ صحیح وقت ہے کہ اپنا تجربہ ایشیا میں بھی شیئر کیا جائے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp