چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کے گھر پر مبینہ چھاپے کے معاملے پر انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) اسلام آباد سپریم کورٹ میں پیش ہو گئے ہیں۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آئی جی سے استفسار کیا کہ پولیس بیرسٹر گوہر کے گھر کیوں گئی تھی؟ جس کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہاکہ وہاں پر اشتہاریوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔
چیف جسٹس نے کہاکہ یہ صورتحال ناقابل برداشت ہے، اور آئی جی کو حکم دیا کہ بیرسٹر گوہر کو ساتھ لے کر ان کے گھر جائیں اور پوچھیں کہ معاملہ کیا ہے، پھر ہمیں تحریری رپورٹ دیں۔
چیف جسٹس نے کہاکہ اگر بیرسٹر گوہر مطمئن نہ ہوئے تو ہم مزید ایکشن لیں گے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں پی ٹی آئی کے انتخابی نشان سے متعلق کیس کی سماعت کےد وران بیرسٹر گوہر نے عدالت کو آگاہ کیا تھا ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے اور 4 ڈالوں میں لوگ آئے ہیں۔
بیرسٹر گوہر عدالت میں واپس آئے تو چیف جسٹس نے پوچھا کیا کہ گوہر صاحب کیا پوزیشن ہے؟ بیرسٹر گوہر بولے کہ حالات بہت سنگین ہیں، چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ ابھی معاملے کو طے کریں۔