پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام امیدوار آزاد حیثیت سے عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ سپریم کورٹ نے آج جو فیصلہ دیا ہے اس کا فیصلہ تاریخ کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بلے کے متبادل کے طور پر تیاری کر رکھی ہے، ہماری پارٹی رجسٹرڈ ہے اس کے حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا۔
مزید پڑھیں
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ آج کے فیصلے سے سپریم کورٹ کے متنازع فیصلوں میں ایک اور اضافہ ہو گیا ہے۔ ہمیں آج کے فیصلے سے سخت مایوسی ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ ہم آج کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کریں گے، کیونکہ اس فیصلے سے ہماری مخصوص نشستیں چلی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بلا رہے یا نا رہے عوام عمران خان کی آواز پر ووٹ دیں گے، عدالت نے جو فیصلہ دیا ہمیں قبول ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہم اپنے امیدواروں کی نئی فہرست بنائیں گے اور مہم چلائی جائے گی، جو جو انتخابی نشان ملے گا اس کی تشہیر کریں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا ہے۔