محمد رضوان ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے

اتوار 14 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے سابق کپتان محمد حفیظ کو پیچھے چھوڑ کر نیوزی لینڈ کے شہر ہیملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

پاکستان کے نائب کپتان اور اوپننگ بلے باز محمد رضوان نے اتوار کو ہیملٹن کے سیڈن پارک اسٹیڈیم میں اپنے ہیڈ کوچ محمد حفیظ کو پیچھے چھوڑ دیا جب انہوں نے کیوی سوئنگ بولر ٹم ساؤتھی کو پہلی بال پرمڈ وکٹ پر چھکا مارا، یہ ان کا ٹی20 کرکٹ میں 77واں چھکا تھا۔

تاہم اس اعزاز کو اپنے نام کرنے کے بعد مسرت کا لمحہ دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے کرکٹر کے لیے زیادہ دیرپا ثابت نہیں ہوا کیونکہ وہ اگلے ہی اوور میں ایڈم ملنے کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے تھے، فن ایلن کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کو جیتنے کے لیے 195 کا ہدف دیا تھا۔

کیوی بولرز ٹم ساؤتھی اور ایڈم ملنے نے پہلے دو اوورز میں ہی اوپنرز محمد رضوان اور صائم ایوب کو آؤٹ کرکے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی تھی۔

ٹی20 کرکٹ میں اس وقت پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے مارنے والے 5 سرفہرست بلے بازوں کی ترتیب اب کچھ یوں ہے، 77 چھکوں کے ساتھ محمد رضوان سرفہرست جبکہ محمد حفیظ اپنے 76 چھکوں کے ہمراہ دوسری پوزیشن پر ہیں۔

سابق پاکستانی آل راؤنڈر کپتان شاہد آفریدی 73 چھکوں کے اپنے ریکارڈ کے ساتھ تیسرے نمبر پر جبکہ سابق پاکستانی کپتان شعیب ملک اور سابق اوپننگ بلے باز بالترتیب 69 اور 55 چھکوں کے ساتھ چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp