چیکو میں چھپا غذائیت کا خزانہ

بدھ 8 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیکو ایک لذیذ اور صحت بخش پھل ہے۔ اگرچہ یہ کافی میٹھا اور کیلوریز سے بھرپور ہوتا ہے، اس کے باوجود اس کے صحت بخش فوائد سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

چیکو غذائیت سے بھرپور پھل ہے، جس کا باقاعدہ استعمال جسم کی مجموعی صحت و تندرستی کو برقرار میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

کلینیکل نیوٹریشنسٹ اور فورٹس میموریل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، گرو گرام (انڈیا) کی سربراہ ’دیپتی کھٹوجا‘ کے مطابق ’چیکو کا استعمال مجموعی صحت کو بر قرار رکھتا ہے، کیونکہ یہ وٹامن اے اور سی جیسے مختلف غذائی اجزاء سے بھرا ہوتا ہے۔یہی سبب ہے کہ چیکو کو اینٹی بیکٹیریل، اینٹی وائرل اور سوزش کیخلاف مزاحم خصوصیات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

غذائی فائبر کا ایک مؤثر ذریعہ ہونے کے علاوہ چیکو میں پوٹاشیم، سوڈیم، کاپر، آئرن اور میگنیشیم جیسے دیگر ضروری غذائی اجزاء بھی پائے جاتے ہیں۔

غذائیت سے بھرپور چیکو کے بے شمار فوائد میں سے چند فائدے درج ذیل ہیں:

1۔قبض سے نجات

چیکو غذائی ریشہ (فائبر) کا ایک اہم ذریعہ ہے،فائبر کی مقدار قبض سے نجات دلاتی ہے۔یہ بڑی آنت کی جھلی کی حفاظت میں مدد کرتا ہے اور اسے انفیکشن کے خلاف مزاحم بناتا ہے۔

2۔سوزش کیخلاف کار آمد

ٹیننز (پولی فینولک مرکبات) کا اعلیٰ مواد چیکو کو  سوزش کیخلاف کار گر بناتا ہے۔ یہ غذائی نالی، اینٹرائٹس، آنتوں کے سنڈروم اور گیسٹرائٹس جیسی بیماریوں کی روک تھام کے ذریعے نظامِ انہضام کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔یہ کسی بھی سوجن اور درد کو کم کرنے میں بھی معاون ہے۔

3۔جلد اور بالوں کے لیے فائدہ مند

چیکو کا رس جلد کو ترو تازہ رکھتا اور بالوں کی نشو ونما کے ساتھ انہیں صحت مند بناتا ہے۔یہ سر میں سوجن کی وجہ سے گرنے والے بالوں کی روک تھام میں بھی کارآمد ہے۔اس کے علاوہ چیکو میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس کی وافر مقدار بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کرنے میں مددگار  ہوتی ہے کیونکہ یہ فری ریڈیکلز کا خاتمہ کرتا اور یہ جھریوں میں کمی لاتا ہے۔

4۔بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے۔

چیکو میں موجود میگنیشیم خون کی نالیوں کو رواں دواں رکھتا ہے جب کہ پوٹاشیم بلڈ پریشر متوازن کرتا ہے۔

5 ۔کینسر کے فوائد

چیکو میں اینٹی آکسیڈنٹس کی زیادہ مقدار ہوتی ہے اور اسے مختلف قسم کے کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں مؤثر پایا گیا ہے۔اس کے علاوہ اس میں موجود وٹامن اے پھیپھڑوں اور منہ کے کینسر سے بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

6۔صحت مند ہڈیاں

کیلشیم، فاسفورس اور آئرن کی اضافی مقدار ہڈیوں کو ان کی قوت برداشت بڑھانے کے لیے ضروری ہے۔ کیلشیم، آئرن اور فاسفورس سے بھرپور ہونے کی وجہ سے چیکو ہڈیوں کو بڑھانے اور مضبوط بنانے میں بہت مدد کرتا ہے۔

7۔اینٹی وائرل اور اینٹی فنگل خصوصیات

پولی فینولک اینٹی آکسیڈنٹس کی موجودگی کی وجہ سے چیکو میں متعدد اینٹی وائرل، اینٹی پیراسیٹک اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات پائی جاتی ہیں۔اینٹی آکسیڈنٹس بیکٹیریا کو انسانی جسم میں داخل ہونے سے روکتے ہیں۔وٹامن سی نقصان دہ فری ریڈیکلز کو تباہ کرتا ہے جبکہ پوٹاشیم، آئرن اور فولیٹ نظام انہضام کو بہتر بناتے ہیں۔

’کھٹوجا‘  کہتی ہیں کہ صحت مند متوازن غذا کے لیے ایک دن میں کم از کم پانچ سے آٹھ موسمی پھل اور سبزیاں کھانا چاہییں۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp