الیکشن کا التوا چاہتے ہیں نا بائیکاٹ، سپریم کورٹ فیصلہ پر لازمی اپیل دائر کریں گے، بیرسٹر گوہر

پیر 15 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ’بلے‘ کا نشان نہ دینے سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے جمہوریت تباہ ہو گی اور کرپشن کا دروازہ کھلے گا، فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل لازمی دائر کریں گے۔

اسلا م آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ سپریم کور ٹ آف پاکستان کے فیصلے کے باوجود الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔ سمجھتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے عوام کے حقوق متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کا بائیکاٹ کریں گے نا یہ چاہتے ہیں کہ الیکشن ملتوی ہوں، الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے اور 3 دن کے اندر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے آفیشل اکاؤنٹس سے اپنے امیدواروں کی تفصیلات بتائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ڈٹے رہنا ہے اور اپنے ووٹ کی حفاظت کرنی ہے۔ اس میں کوئی دو راے نہیں ہے کہ جب آپ آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں جاتے ہیں تو ہارس ٹریڈنگ کے امکانات بہت بڑھ جاتے ہیں۔ لیکن امید کرتے ہیں کہ جن لوگوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں خود کو تحریک انصاف کا امیدوار لکھا ہے وہ پارٹی چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی رہائی سے متعلق کیس کی درخواست پر مقدمے کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی تاہم دعا ہے جلد اس کیس کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp