سپریم کورٹ آف پاکستان نے امریکا میں شادی کرنے اور پاکستان میں خلع لینے کے خلاف کیس کی سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ اگر میاں بیوی میں ہم آہنگی اور خوشی نہ ہو تو اسلام انہیں علیحدگی کی اجازت دیتا ہے۔
امریکا میں نکاح اور پاکستان میں منسوخی کیخلاف پاکستانی شہری سہیل احمد کی درخواست پر سماعت جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے کی۔
Related Posts
عدالت نے شہری کی اپیل خارج کرنے کے فیصلے کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے 7 صحفات پر مشتمل فیصلے میں لکھا کہ خاتون ثمرینا رشید میمن امریکی اور پاکستانی شہریت رکھتی ہیں، درخواستگزار نے امریکا میں ہونیوالے نکاح کی پاکستان میں منسوخی چیلنج کی۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ قانون کے مطابق ہے جسے درخواست گزار سہیل احمد نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ تحریری حکمنامے میں کہا گیا کہ اسلام عورت کو خلع کا حق دیتا ہے، میاں بیوی میں ہم آہنگی اور خوشی نہ ہو تو اسلام انہیں علیحدگی کی اجازت دیتا ہے۔
عدالت نے مزید کہا کہ خلع کے باوجود غیر ضروری طور پرسابق اہلیہ کو قانونی چارہ جوئی میں گھسیٹا گیا، ریکارڈ کے مطابق خلع لینے کے بعد خاتون نے امریکا میں دوسری شادی کرلی، درخواستگزار نے بھی پاکستان میں دوسری شادی کرنے کی کوششں کی۔