اردو اور سندھی ڈراموں کے سینئر اداکار میر محمد لاکھو 75 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق، میر محمد لاکھو عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور انہیں سانس لینے میں دشواری کا بھی سامنا تھا۔ انہیں طبعیت ناساز ہونے پر 3 دن پہلے کراچی کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں گزشتہ روز ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کی تدفین ان کے آبائی گاؤں بھلو لاکھو میں سیّد ورل شاہ کے قبرستان میں ہوئی۔ ان کی نمازِ جنازہ میں سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔
میر محمد لاکھو نے پی ٹی وی سینٹر کراچی سے سندھی ڈراموں میں کام کا آغاز کیا، وہ زیادہ تر معاون کرداروں میں نظر آئے لیکن ان کی اردو اور سندھی ڈراموں میں اداکاری کو خوب سراہا گیا۔ انہوں نے بلوچی ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
Related Posts
میر محمد لاکھو نے سندھی فلموں میں بھی کئی یادگار کردار ادا کیے اور ریڈیو پاکستان کے ڈراموں میں صداکاری بھی کی۔ انہوں نے پاکستان کے علاوہ متعدد دیگر ممالک میں اسٹیج پر اداکاری کرکے اپنے مداحوں سے ڈھیروں داد وصول کی۔ میر محمد لاکھو گزشتہ چند سال سے بیمار تھے جس کی وجہ سے انہوں نے ڈراموں میں کام کرنا کم کردیا تھا۔