پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے بعد جس جماعت کی بھی حکومت ضروری ہے کہ اسے سادہ اکثریت ملے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت ملنا اس لیے ضروری ہے تاکہ فیصلے کرنے میں آسانی ہو اور ملک آگے بڑھے۔
صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے کہاکہ 2018 میں آر ٹی ایس بٹھا کر جو تجربہ کیا گیا تھا وہ ناکام ہو گیا مگر ملک کا بیڑا غرق ہو گیا۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اپنے دور میں دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مجروح کیا، باہر کے ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ نوازشریف کے دور میں پاکستان ترقی کر رہا تھا، ہم نے 2013 میں حکومت بنانے کے بعد ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا مگر پاناما کے جھوٹے کیسز میں نوازشریف کو وزارت عظمیٰ سے نکال دیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو دی گئی تمام سزائیں غلط ثابت ہوئی ہیں اور عدالتوں نے خود فیصلے دیے ہیں۔
شہبازشریف نے کہاکہ آج عمران خان اگر پابند سلاسل ہیں تو اس میں کسی کا کوئی قصور نہیں، سانحہ 9 مئی کی کوئی بھی اجازت نہیں دے سکتا۔
16 ماہ کی حکومت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا
انہوں نے کہاکہ ہم نے 16 ماہ کی حکومت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ریاست پاکستان کو بچانے کے لیے ہم نے سیاست کو داؤ پر لگایا جس کا کوئی ملال نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو کے تمام الزامات من گھڑت ہیں، انہوں نے اسمبلی فلور پر میرے لیے جو الفاظ استعمال کیے وہ ریکارڈ پر ہیں اور ان کا شکر گزار ہوں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات کے بعد بننے والی حکومت اگر ملک کو ترقی کی جانب لے کر نا جا سکی تو پھر ایسا عوامی انقلاب آئے گا جس سے سب کچھ خش و خاشاک کی طرح بہہ جائے گا۔
پاکستان کی حالت بدلنے کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہوگا
ایک اور سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہاکہ نوازشریف 21 اکتوبر کو کہہ چکے ہیں کہ زخموں پر مرہم رکھنے آیا ہوں اور ملکر کام کرنے آیا ہوں، پاکستان کی حالت بدلنی ہے تو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔
شہبازشریف نے کہاکہ نوازشریف صرف سیاستدان نہیں اسٹیٹس مین ہیں، پنجاب مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے اور اس وقت سارے سروے ہمارے حق میں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات کے بعد اگر ہماری حکومت بنتی ہے تو وزیراعظم نوازشریف ہوں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا فیصلہ مشاورت سے ہوگا۔
صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے کہاکہ جن امیدواروں کو ٹکٹ نہیں مل سکے ان کی بات تحمل سے سن رہے ہیں، چوہدری شجاعت کے ساتھ بھی ہماری بات چیت چل رہی ہے۔
امن و امان اور موسم کو بنیاد بنا کر انتخابات ملتوی نہیں ہونے چاہییں
انہوں نے کہاکہ ملک میں امن و امان کا مسئلہ اور موسم کی شدت ضرور ہے مگر اس کو بنیاد بنا کر اگر انتخابات ملتوی کیے جاتے ہیں تو اس کا ملک کو بہت نقصان ہو گا اور کوئی ہم پر اعتماد نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت بنی تو سب سے پہلے نوجوان نسل کی تعلیم پر توجہ دیں گے اور آئی ٹی کے شعبے کو فروغ دیا جائے گا۔
شہبازشریف نے کہاکہ زراعت ہمارے ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس پر بھی فوراً توجہ دی جائے گی۔