بلوچستان: تربت میں امیدوار اسمبلی کی رہائشگاہ پر دستی بم دھماکا

منگل 16 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے علاقے تربت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار پی بی 28 کیچ 4 میر اصغر رند کی رہائش گاہ پر دستی بم سے دھماکا ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں میر اصغر رند کا بھائی زخمی ہوا ہے جبکہ دھماکے کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

حملہ قابل مذمت، تحقیقات کی جائیں، پیپلزپارٹی بلوچستان

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی، جنرل سیکریٹری روزی خان کاکڑ اورسیکریٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے تربت میں پارٹی کے امیدوار وسابق صوبائی وزیر میراصغر رند کی رہائش گاہ پردستی بم حملے کی مذمت کی ہے۔

پی پی پی رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات اٹھائیں اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

امیدواروں کی سیکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے

انہوں نے کہاکہ تربت میں نامعلوم افراد کی جانب سے پارٹی کے رہنما و صوبائی اسمبلی کے امیدوار میراصغر رند کی رہائش گاہ پردستی بم حملہ اور ان کے بھائی کے زخمی ہونے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

پیپلزپارٹی بلوچستان نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اورانتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی سیکیورٹی نگراں حکومت، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ الیکشن کمیشن فوری طور پر میراصغر رند کی رہائش گاہ پردستی بم حملے کا نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والوں کو احکامات جاری کرے کہ امیدواروں کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp