190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: عمران خان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

بدھ 17 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ریفرنس پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔

اس موقع پر نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی، امجد پرویز اور عرفان بھولا پیش ہوئے جبکہ ملزمان کی جانب سے لطیف کھوسہ، شعیب شاہین، شہباز کھوسہ اور بیرسٹر گوہر نے پیروی کی۔

ریفرنس سے متعلق کل ہائیکورٹ میں سماعت ہونی ہے، شعیب شاہین

اس موقع پر عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نے کہاکہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس سے متعلق درخواست ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے۔ آج درخواست غلطی سے سنگل بینچ کے پاس مقرر ہوگئی تھی جس کے باعث سماعت نہ ہوسکی۔

انہوں نے دلائل دیے کہ کل اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈویژن بینچ درخواست پر سماعت کرے گا، گزارش ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت ملتوی کی جائے۔

بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں فرد جرم کی کارروائی مؤخر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ اس کے علاوہ بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کر لی گئی۔

توشہ خانہ کیس میں استغاثہ کے 4 گواہان پر جرح مکمل

دوسری جانب توشہ خانہ کیس میں استغاثہ کے 4 گواہان پر جرح مکمل کرلی گئی۔ جبکہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

عدالت نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈز ریفرنسز کی سماعت 19 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنائی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp