وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ وہ پوری دنیا اور پاکستان کی خواتین کو آج کے اہم ترین دن پر مبارک پیش کرتے ہیں۔
وزیرِاعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ حضرت علامہ اقبال نے درست فرمایا کہ وجود زَن سے ہی تصویر کائنات میں رنگ ہیں۔خواتین کی عزت و احترام اور حقوق کا تحفظ ملک اور قوم کی عزت کی علامت تصور ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے خواتین کو مثالی مقام اور وراثت سمیت تمام حقوق دیے ہیں۔ خواتین کا عزت و احترام اور ان کے حقوق کی پاسداری ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ آئینِ پاکستان نے خواتین کو ان کے حقوق کی ضمانت دی ہے۔ اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیرِاعظم اور اسپیکر کا تعلق پاکستان سے ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دفاع، سفارتکاری، کاروبار، طب، تعلیم، کھیلوں سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین بھرپور کردار ادا کررہی ہیں۔ پاکستان کے کھیتوں اور کھلیانوں سے لے کر محنت مزدوری تک ہر شعبے میں خواتین اپنی ہمت سے آگے بڑھ رہی ہیں۔
تحریکِ پاکستان میں مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح سمیت دیگر خواتین نے بڑا کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کی سیاست میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید، محترمہ بیگم کلثوم نواز سمیت دیگر خواتین نے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان کی سیاست اور پارلیمنٹ میں خواتین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ خواتین کو تمام شعبوں میں مزید مواقع دیں گے۔ آج کے دن عہد کرتے ہیں کہ وہ خواتین کو حقوق کی فراہمی اور ان کے تحفظ کے لیے مزید جذبے سے کام کریں گے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن دنیا مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین میں خواتین کے ساتھ ہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔ مقبوضہ علاقوں میں خواتین اور بچوں کو قابض افواج کے مظالم سے نجات دلانا عالمی برادری اور اداروں کا بنیادی فرض ہے۔
آج کے دن مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی خواتین دنیا سے اپنے حقوق کی پاسداری کا مطالبہ کرتی ہیں۔ دنیا کو خواتین کے حقوق اور بنیادی انسانی قدروں کے احترام کے لیے مساوی رویہ اپنانا ہوگا۔