پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی خیال احمد کاسترو کو فیصل آباد کچہری سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
فیصل آباد کچہری سے سابق صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو کو سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد احاطہ کچہری سے زبردستی گاڑی میں ڈال کر اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق خیال کاسترو کو فیصل آباد کچہری میں سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے گھیر لیا اور انہیں اپنے ساتھ چلنے کو کہا۔ خیال کاسترو کے انکار پر وہ انہیں زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔
سابق صوبائی وزیر اور تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر خیال احمد کاسترو کو سیشن کورٹ کے سامنے سے نامعلوم افراد بدترین طریقے اے تشدد کر کے اغوا کر کے لے گئے
اتنی کھلی درندگی پر بھی کیا سپریم کورٹ جیسے ادارے خواب خرگوش میں رہیں گے؟ pic.twitter.com/ycDbVHCwqZ
— PTI (@PTIofficial) January 19, 2024
واضح رہے کہ خیال احمد کاسترو پی پی 118 سے انتخابات 2024 میں تحریک انصاف کے امیدوار ہیں، وہ 9 مئی کے مقدمات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
خیال احمد کاسترو 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت کروانے فیصل آباد کچہری آئے تھے، وہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں پنجاب کے وزیر ثقافت اور کالونیز تھے۔