خیبر پختونخوا، پولیو کنٹرول پروگرام کے سربراہ نا معلوم افراد کی فائرنگ سے شہید، وزیر صحت کی شدید مذمت

جمعہ 19 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو کنٹرول پروگرام کے کوآرڈینیٹر جاں بحق جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ نگراں وفاقی وزیر صحت نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھیں

باجوڑ پولیس کے مطابق جمعہ کو یہ واقعہ تحصل مومند میں مومند پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا ہے جہاں ضلع باجوڑ میں پولیو کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبدالرحمان گاڑی میں جا رہے تھے کہ انہیں نا معلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

پولیس نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈاکٹر عبدالرحمان اور ان کی سیکیورٹی پر معمور پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو منتقل کیا گیا تاہم پولیو کوآرڈینیٹر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ پولیس اہلکار زیر علاج ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمان جائے واقعہ سے فرار ہو گئے، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

ڈاکٹر عبدالرحمان کی شہادت پر دلی افسردہ ہوں، نگراں وزیر صحت

ادھر وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے باجوڑ میں پولیو آفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان پر حملے کی شدید مذمت  کی ہے

نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ پولیو ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر عبدالرحمان کی شہادت پر انتہائی افسردہ ہوں۔ حملے کی خبر ملتے ہی ڈاکٹر عبدالرحمان کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں رہا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالرحمان کو بہترین طبی علاج کے لیے اسلام آباد منتقل کرنے کی ہدایت کی، اسلام آباد منتقل کرنے سے قبل ہی ڈاکٹر عبدالرحمان جانبر نہ ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالرحمان کے قاتلوں کو ہر صورت کٹہرے میں لا کر نشان عبرت بنائیں گے۔ ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم اور جذبے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp