صوبہ خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کی تاریخ طے کرنے کے لئے ، گورنر ہائوس میں بلایا گیا مشاورتی اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔
گورنر ہاؤس ذرائع کے مطانق گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور الیکشن کمیشن وفد کے درمیان دو گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا۔ عام انتخابات کیلئے تاریخ کے حوالے سے مشاورت کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کو انتخابات اور اخراجات کے حوالے سے تفیصلی بریفنگ دی گئی اور سکیورٹی بھی زیر غور آئی۔ تاہم اجلاس میں انتخابات کے لیے کسی حتمی تاریخ کا فیصلہ نہ ہو سکا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس ضمن میں ایک دوسرا اجلاس اگلے ہفتے اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے وفد میں سیکریٹری الیکشن کمیشن عمیر حمید خان ، اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمشن ظفر اقبال اور ڈی جی لاء محمد ارشد شامل تھے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کو انتخابات کے لیے تاریخ کا تعین کرنے کے لیے خط لکھا تھا ، جبکہ گورنر نے ازخود تاریخ کا اعلان کرنے کے بجائے الیکشن کمیشن حکام کو تفیصلی مشاورت کے لیے پشاور آنے کی دعوت دی تھی۔