چین کے وسطی صوبہ حینان میں واقع ایک سکول کے ہاسٹل میں آگ لگنے سے 13 بچے ہلاک ہوگئے، صوبہ حینان کے ینشانپو نامی گاؤں کے ایک سکول میں رات 11 بجے آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، تاہم ابھی تک آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آئی۔
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق آگ لگنے کے واقعے میں 13 بچے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ایک بچہ زخمی ہے۔ مقامی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ اسکول سے منسلک ایک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
چین کے سرکاری نشریاتی ادارے نے بتایا کہ مرنے والے تمام افراد تیسری جماعت کے طالب علم تھے، جائے وقوعہ سے بچائے گئے ایک شخص کا اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ وہ آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
میڈیا کے مطابق آگ جمعہ کی رات شروع ہوئی اور وسطی حینان کے دیہی فانگچینگ ضلع کے ینگکائی اسکول میں آدھی رات سے پہلے بجھائی گئی، اور اسکول کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا۔ بورڈنگ اسکول بنیادی طور پر ابتدائی کلاسز کے طلباء کے لیے ہے، جو بورڈنگ کے لیے دیہی علاقوں سے آتے ہیں۔
واضح رہے گزشتہ سال نومبر میں صوبہ شانشی میں واقع ایک کوئلے کی کمپنی میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ جون میں شمال مغربی علاقے میں واقع ایک ریستوران میں دھماکے سے 31 افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد ملکی سطح پر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے مہم چلائی گئی تھی۔
اس کے علاوہ دارالحکومت بیجنگ کے ایک اسپتال میں اپریل کے مہینے میں آگ لگی تھی جس میں 29 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ کچھ لوگوں نے کھڑکیوں سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی تھی۔