ملک بھر میں شدید دھند: زمینی رابطے منقطع، کئی علاقوں کا درجہ حرارت صفر سے بھی نیچے

اتوار 21 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت پنجاب اور خیبرپختونخوا شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ مری اور گلیات میں ٹھنڈی ہواؤں نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا، کشمیر اور گلگلت بلتستان میں خشک سردی کے ڈیرے ہیں۔ اسکردو کا درجہ حرارت منفی 9 تک گرگیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید سرد موسم کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب اورخیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔ ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند سے دن کا درجہ حرارت مزید کم ہوگا۔ سندھ  اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

’اسکردو منفی 9 گلگت اور استورمنفی 6 راولا کوٹ منفی 4 ہنزہ منفی 3 اور مری کا درجہ حرارت منفی ایک تک گرچکا ہے‘۔

ملک بھر میں شدید دھند کے باعث اتوار کے روز زمینی سفر متاثر رہا، نیشنل ہائی ویز اور موٹر وے پولیس نے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے حد نگاہ کم ہوتے ہی مرحلہ وار موٹر ویز کو بند کیا۔ اسلام آباد شہر میں بھی دھند نے ڈیرے جمائے رکھے اور حد نگاہ نہ ہونے کے برابر رہی۔

ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے موٹروے ایم ون کو پشاور سے رشكئی اور برہان سے اسلام آباد تک جبکہ موٹروے ایم 14 کو عیسیٰ خیل سے شدید دھند کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

ترجمان نے کہا کہ موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے صارفین کے جان و مال کا تحفظ ہے۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ دھند کہ اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کرکے دھند کے آغاز سے پہلے اپنی منزل مقصود تک پہنچ جائیں۔

دوران سفر گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں۔

سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے تازہ ترین معلومات ضرورحاصل کر لیں تاکہ دوران سفر دشواری سے بچا جاسکے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں اورشمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔ اسلام آباد، پنجاب ، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند اور سموگ چھائے رہے گی۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہے گی، پیر کے روز بھی موسم کی یہی صورت حال رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp