پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملتان کور کے زیراہتمام اوکاڑہ گیریژن میں پاک فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کی مشترکہ عسکری ٹریننگ کا آغاز کردیا گیا۔
مشترکہ ٹریننگ کے آغاز پر دونوں ممالک کے فوجی دستوں نے بہترین عسکری ڈرل پیش کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی پرچم کی رونمائی کے دوران قومی ترانوں کی دھُن بھی بجائی گئی۔
مزید پڑھیں
تقریب کے مہمان خصوصی گیریژن کمانڈر تھے۔ مشترکہ تربیتی پروگرام کے ذریعے دونوں ممالک کی افواج کے دستوں کو کلاس روم سیشنز اور اجتماعی جنگی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملے گا۔
افتتاحی تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی نے دونوں ملکوں کی افواج کے افسروں اور جوانوں کو مشترکہ ٹریننگ کے بیجز لگائے۔
واضح رہے 2023 میں بھی پاکستان اور سعودی عرب کی انسداد دہشت گردی سے متعلق مشترکہ تربیتی مشقیں ’البتار۔ون‘ کے نام سے ہوئی تھیں جو اختتام پذیر ہوگئی تھیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیراٹ میں منعقدہ اختتامی تقریب میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی اور مشقوں کے آخری دن کی مختلف سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا تھا۔
دو ہفتے تک جاری رہنے والی مشقوں کا آغاز 22 اگست 2023 کو ہوا۔ اس مشق کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی عسکری تعلقات کو مزید مضبوط کرنا تھا، جس میں انسداد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ آپریشنز سمیت مستقبل میں فوجی تعاون اور تجربات کا تبادلہ شامل ہیں۔