13 سالہ آفاق احمد جمال کراچی میراتھن میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے لیے پُر عزم

اتوار 21 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے علاقے حمزہ درہ سے تعلق رکھنے والے 13 سالہ آفاق احمد جمال کمر عمر ایتھلیٹس اور اپنے مستقبل کا شاندار سفر شروع کرنے کے لیے کراچی میراتھن میں حصہ لے کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔

10 اکتوبر 2010 کو پیدا ہونے والے آفاق احمد جمال 2021 سے دوڑوں کے مقابلوں میں مسلسل اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

آفاق احمد جمال کے سفر کا آغاز ’کرنل شیر خان میراتھن‘ میں 10 کلومیٹر کی دوڑ سے ہوا، جس نے طویل فاصلے کی دوڑ میں ان کے متاثر کن کیریئر کی بنیاد رکھی۔ اس کے بعد انہوں نے ’مالم جبہ اسنو میراتھن‘  میں 5 کلومیٹر اور پھر 2022 میں ’کالام اسنو میراتھن‘ میں 5 کلومیٹر کی ہی دوڑ میں حصہ لیا۔

2023 میں آفاق احمد جمال نے طورخم بارڈر سے ورلڈ واٹر رن مقابلے میں واہگہ بارڈر تک 500 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے چیلنج کا سامنا کیا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ آفاق احمد جمال روزانہ 20 کلومیٹر تک دوڑتا ہے اس طرح وہ صرف 5 دنوں میں 100 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتا ہے، جس سے اس کی غیر معمولی دوڑنے کی صلاحیت اجاگر ہوتی ہے۔

14 اگست 2023 کو بھی آفاق احمد جمال نے میراتھن میں حصہ لیا، جس میں انہوں نے 20 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔ گزشتہ سال کے آخر میں انہوں نے مارگلہ بے یارڈ الٹرا میراتھن کے تھرڈ ایڈیشن میں حصہ لے کر اپنی کیپ میں ایک اور اضافہ کیا، اس دوڑ میں انہوں نے 10 لیپ مکمل کرکے باقاعدہ عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

اس وقت آفاق احمد جمال کراچی میراتھن کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں اور ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے امکانات کے بارے میں پُر جوش ہیں۔آفاق احمد جمال کراچی میراتھن میں ایک اور شاندار ریکارڈ حاصل کرکے تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp