70 گینیز ورلڈ ریکارڈز بنانے والے پاکستانی مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر کا اگلا ہدف کیا ہے؟

پیر 17 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

70 کے قریب گینیز ورلڈ ریکارڈز بنانے والے  پاکستانی مکسڈ مارشل آرٹس فائٹرعرفان محسود متحدہ عرب امارات میں طلبہ کو تربیت دینے کے خواہش مند ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں اپنا کلب کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں وہ پوری دنیا کے طلبا کو مارشل آرٹس کی تربیت دینا چاہتے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے مکسڈ مارشل آرٹس کے استاد عرفان محسود نے 70 ورلڈ ریکارڈ بنا رکھے ہیں، جن میں پش اپس، سکواٹس، جمپنگ جیکس، اسکواٹس تھرسٹ وغیرہ شامل ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق 33 سالہ عرفان محسود خیبرپختونخوا میں پچھلے 8 سال سے (Lion’s Den Fight Club) کے نام سے ایک کلب چلا رہے ہیں، جہاں وہ 500 سے زائد طلبہ کو تربیت دے چکے ہیں، اب وہ متحدہ عرب امارات میں بھی اپنے کلب کی برانچ کھولنا چاہتے ہیں اور غیر ملکی طلبا کو تربیت دینے کے لیے پرجوش ہیں۔

عرفان محسود نے معروف اخبار ’عرب نیوز‘ سے انٹرویو میں بتایا کہ اگلے 3،2 ماہ میں وہ دبئی میں اپنے کلب کی برانچ کھولنا چاہتے ہیں کیونکہ دبئی اس وقت مارشل آرٹس کا گڑھ بن رہا ہے، وہاں لوگوں میں مارشل آرٹس کی مقبولیت بھی بڑھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی سرگرمیوں کومثبت رکھنے کی کوشش کرتے ہیں حالانکہ جس علاقے سے ان کا تعلق ہے وہاں زیادہ ترلوگوں کا رجحان اس طرح کی سرگرمیوں کی طرف نہیں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے کلب کے90 سے زائد ورلڈ ریکارڈز تسلیم کیے جا چکے ہیں، 2015 میں انہوں نے کلب بنایا تھا جہاں اب تک لگ بھگ 500 کے قریب طلبا کو تربیت دی جا چکی ہے جو مکسڈ مارشل آرٹس میں اپنا نام کما رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ان کے کلب کے 20 سے زائد ایسے طلبا ہیں جنہوں نے قومی سطح پر نام کمایا اور ایوارڈ حاصل کیے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ ان کے کلب کا سب سے کم عمر طالب علم سالار محسود ہے جو گینیز ورلڈ ریکارڈ ایوارڈ یافتہ ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے کلب کے بچوں نے حال ہی میں 20 سے زائد ایسے ریکارڈ توڑے ہیں جو انڈین اتھلیٹس کے تھے، وہ خود کو اور اپنے طلبہ کو مختلف صلاحیتوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کی تربیت پرزیادہ توجہ دیتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp