لاہور: پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان میں جھڑپیں، ایک ہلاک،کوریج پر پابندی عائد

بدھ 8 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو لاہور کے مال روڈ پر ریڈ زون ایریا میں ہونے والے احتجاج کی کوریج سے روک دیا ہے۔
بدھ کو جاری نوٹیفیکیشن میں پیمرا نے تشویش کا اظہار کیا کہ کچھ ٹی وی چینلز عوامی اجتماعات اور جلوسوں کی مسلسل کوریج کر رہے ہیں جس کے دوران ریاست کے خلاف بہتان طرازی کی جا رہی ہے۔
نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا کہ اس قسم کا مواد نشر کرنا پیمرا قوانین سے مطابقت نہیں رکھتا اور لاہور ہائی کورٹ کے سنہ 2020ء کے ایک فیصلہ کی بھی خلاف ورزی ہے۔
پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو پابند کیا کہ وہ مال روڈ ریڈ زون ایریا میں منعقد ہونے والے عوامی اجتماعات و جلوسوں کی کوریج نہیں کریں گے۔

کوریج پر پابندی کے نوٹیفیکیشن کا عکس

گزشتہ روز صوبائی محکمہ داخلہ پولیس نے دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں جلسے اور جلوس پر پابند عائد کردی تھی اور جب آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ’عدلیہ بچاؤ، پاکستان بچاؤ’ کا انعقاد کیا گیا تو ریلی کے شرکا کو روکنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج، واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال شروع کردیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے اور کئی افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

نمائندہ وی نیوز کے مطابق کارکنوں کو لاہور کی مختلف جیلوں میں بھیجا جا رہا ہے اور کارکنان کی بڑی تعداد اب بھی زمان پارک اور مال روڈ کے آس پاس موجود ہے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں آج ’عدلیہ بچاؤ، پاکستان بچاؤ‘ ریلی نکالنا تھی۔ تاہم محکمہ داخلہ نے گزشتہ رات ہی دفعہ 144 نافذ کر دی تھی۔

پولیس کی بھاری نفری زمان پارک اور اس کے اطرف میں موجود ہے۔ وقفے وقفے سے پی ٹی آئی کارکنان کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہو رہی ہیں۔

نمائندہ وی نیوز کے مطابق پولیس نے حلقہ پی پی 35 سے تحریک انصاف کے رہنما مرزا دلاور بیگ کو بھی گرفتارکر لیا ۔ یہی نہیں پولیس نے وڈیو بنانے پر ایک کارکن سے موبائل فون بھی چھین لیا۔ پولیس ہوئی ان جھڑپوں میں  پی ٹی آئی کارکن علی بلال ظل شاہ باغی جاں بحق ہوگئے ہیں۔

https://twitter.com/realwaseemkhan9/status/1633418969909452807?s=20

ادھر پی ٹی آئی سوشل میڈیا ورکرز نے ٹوئٹڑ پر’زمان پارک پہنچو‘ کے عنوان سے ایک ٹرینڈ چلا رکھا ہے۔ لاہور سے پی ٹی آئی کارکنان اس پر مختلف ویڈیوز اور تصاویر شیئر کر رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب میں سیاسی اجتماعات پر پابندی فسطائی حکومت کا نیا ہتھیار ہے۔ سامراجی قوتیں ہمیشہ عوام سے خوفزدہ رہی ہیں۔ پاکستان کے عوام نے اپنے حقوق کے لیے ہمیشہ لڑائی لڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حق سے دست بردار نہیں ہوں گے۔ اس فاشسٹ حکومت کے خلاف جدوجہد میں مزید تیزی آئے گی۔

محمکہ داخلہ پنجاب نے لاہور میں جلسہ، جلوس اور ریلی پر پابندی عائد کر دی

محمکہ داخلہ پنجاب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور میں جلسے، جلوس اور ریلی پر پابندی عائد کر دی ہے۔

محمکہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کیا گیا نوٹی فیکیشن

لاہور میں احتجاج، دھرنے اور مظاہروں  پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ نوٹی فیکیشن کے مطابق پابندی کا نفاذ آج سے ہوگا۔ اور پابندی آئندہ 7 روز تک جاری رہے گی۔

داخلہ حکام کے مطابق پابندی لاہور میں ٹریفک اور سیکیورٹی کی خراب صورت حال کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp